آشیانہ سکیم اور ملتان میٹرو پنجاب حکومت کی کرپشن کے شاہکارہیں،پرویزالٰہی
لاہور(آئی این پی) مسلم لیگ(ق) کے سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہمارے دور کے بنے ہوئے کسی منصوبے پر کرپشن کا الزام نہیں لگا جبکہ شہبازشریف کے ہر منصوبے میں کرپشن کے ریکارڈ قائم ہوئے، ملتان میٹرو، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم، سستی روٹی، پیلی ٹیکسی، مکینکل تندور ہوں یا 56 کمپنیاں سب پنجاب حکومت کے شاہکار ہیں، جنگلہ بس کے بعد اورنج لائن ٹرین پر پورے پنجاب کے فنڈز لگائے جا رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے رنگ روڈ سدرن لوپ کا منصوبہ 5سال میں مکمل کیا تھا جبکہ شہبازشریف نے توسیعی منصوبہ پر 10سال لگا دئیے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ریسکیو 1122، فری تعلیم، کتابیں، صحت کی سہولیات، ایمرجنسی میں مفت ادویات، کمپیوٹرائزڈ لینڈر ریکارڈ سمیت بہت سے عوامی فلاحی منصوبے عوام کو دئیے۔چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ہم نے جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز اور ان کی بروقت تکمیل کر کے جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن شہبازشریف حکومت نے 10 سال میں جنوبی پنجاب کے عوام کے احساس محرومی کو بڑھایا ہے۔
پرویزالٰہی