باصلاحیت نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں،رفیق رجوانہ

باصلاحیت نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں،رفیق رجوانہ

لاہور( نمائندہ خصوصی )گورنر ہاؤس لاہور میں کرسمس کے حوالے سے گورنر ہاؤس کے کرسچن ملازمین کے زیر اہتمام کرسمس کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب میں سپیشل سیکرٹری گورنر پنجاب، ڈپٹی سیکٹریز ، ایس او صاحبان کے علاوہ گورنر ہاؤس لاہور کے ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر کرسمس کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب کا انعقاد کرنیوالوں میں جمیل مسیح، جاوید گل، مجید مسیح، شمیم بی بی ، اشرف مسیح اور دیگر ملازمین شامل تھے۔ تقریب میں کوئٹہ چرچ پر ہونے والے خود کُش حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالوں کے لئے بھر پور خراج عقیدت پیش کیا گیا اور متاثرین سے ہمدردی کااظہار کیا گیا ۔ اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی ، خوشحالی بالخصوص امن و امان کے حوالے سے خصوصی دُعا بھی کی گئی۔دریں ثنا ء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے یونیورسٹی آف گجرات کے چھٹے سالانہ کنویشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ باصلاحیت نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان جمہوری ملک ہے آزادی اظہاررائے اوراپنے حقوق کیلئے احتجاج ہرشہری کابنیادی حق ہے مگر یہ خیال رکھا جائے کہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے دوسروں کے حقوق متاثرنہ ہوں۔تقریب میں فیڈرل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر اکرام، باغ یونیورسٹی کے وائس چانسلر حلیم خان، یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد، ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا، ڈی پی اوجہانزیب نذیر خان، ایم پی ایز حاجی عمران ظفر، پروفیسر ڈاکٹر زاہد، ڈاکٹر ارشد، شیخ عبدالرشید معززین شہر اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات اور والدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔گورنرپنجاب نے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء وطالبات اوران کے والدین کو دلی مبارکباد دی اوران کے لئے نیک تمناؤں کااظہارکیا۔گورنرپنجاب نے کہاکہ یونیورسٹی آف گجرات اس علاقہ کے لوگوں کیلئے نعمت سے کم نہیں اپنے قیام سے اب تک اس ادارے سے ہزاروں طلبا وطالبات نے اعلی تعلیم مکمل کی ہے۔۔قبل ازیں، وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات ڈاکٹرضیاالقیوم نے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ یونیورسٹی آف گجرات مرکزی کیمپس کے ساتھ چارسٹی کیمپس لاہور‘راولپنڈی ‘نارووال اورسیالکوٹ میں سب کیمپسزکے ذریعے نئی نسل کو تعلیم وتدریس میں مصروف ہے جہاں سائنسی مینجمنٹ وایڈمنسٹریشن ‘سوشل سائنسز‘انجینئرنگ ‘کمپیوٹرٹیکنالوجی‘آرٹ اینڈ ڈیزائن‘لااینڈ میڈیکل کی تعلیم دی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال 1600طلباء وطالبات کو95ملین روپے کے سکالرشپس دیئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آف گجرات کیلئے مزید384کنال اراضی ایکوائرکی جارہی ہے 300نئے ٹیچرزبھرتی کیے گئے ہیں ادارے کے طلبا وطالبات نے حکومت پنجاب کے 70فیصدقوانین کااردوترجمہ کردیا ہے ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے طلباء و طالبات میں میڈلز اور ڈگریاں بھی تقسیم کیں۔

رفیق رجوانہ

مزید : صفحہ آخر