خطے میں امن اور ترقی کیلئے پاکستان پڑوسی ممالک سے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا خواہشمند ہے: ممنون حسین

خطے میں امن اور ترقی کیلئے پاکستان پڑوسی ممالک سے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا ...

اسلام آباد (آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام اور ترقی کیلئے اپنے دوست اور پڑوسی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا خواہش مند ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں نئے تعینات ہونیوالے غیر ملکی سفارتکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چین کے سفیر یاؤجینگ، ویتنام کے سفیر فام ہانگ کیم اور بھارت کے ہائی کمشنر اجے بساریانے اپنی اسناد سفارت پیش کر دیں۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ صرف پاکستان اور چین کی ترقی کا ہی منصوبہ نہیں ہے بلکہ یہ منصوبہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے پاکستانی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لحاظ سے بہترین ملک ہے جس سے بین الاقوامی سرمایہ کار مختلف شعبہ جات میں بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سفارت کاروں کو مبارک باد دی اور توقع کا اظہار کیا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار اداکریں گے۔

مزید : صفحہ آخر