اگلے وزیراعظم کا اعلان عوام کریں گے، نواز شریف کا سیاسی کیرئیر ختم ہوچکا :پیپلز پارٹی

اگلے وزیراعظم کا اعلان عوام کریں گے، نواز شریف کا سیاسی کیرئیر ختم ہوچکا ...
اگلے وزیراعظم کا اعلان عوام کریں گے، نواز شریف کا سیاسی کیرئیر ختم ہوچکا :پیپلز پارٹی

  

پنوں عاقل ،فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اگلے وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے یا بلاول بھٹو؟ اس حوالے سے فیصلہ نواز شریف نہیں بلکہ 20 کروڑ عوام کریں گے۔پنو عاقل میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کیسے فیصلہ کرسکتے ہیں کہ اگلا وزیراعظم کون ہوگا، شہباز شریف، بلاول بھٹو یا عمران خان میں سے کون اگلا وزیراعظم ہوگا اس کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو تھوڑا وقت اور مل جاتا تو فاٹا والے آج پاکستان کا حصہ ہوتے، ہم تاریخ لکھیں گے اور پیپلز پارٹی ہی فاٹا کو اس کے حقوق دلائے گی۔دوسری جانب فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات وقت پر چاہتی ہے، ہم الیکشن میں تاخیر نہیں ہونے دیں گے، چاہے پرانی مردم شماری پر ہی ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو کبھی بھی ڈی ریل نہیں ہونے دیں، پیپلزپارٹی ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ اور ایجنسیوں کی سیاست کے خلاف رہی، کبھی اس کو سپورٹ نہیں کیا۔ نوازشریف اداروں کے درمیان تصادم کی کوشش کررہے ہیں لیکن ایسا نہیں ہوگا، عدالت کو سکھا شاہی کہنا، اس سے بڑی عدلیہ کی توہین نہیں، نوازشریف عدالت کیخلاف تحریک چلارہے ہیں دیکھتے ہیں کیا کرتے ہیں۔پی پی رہنما نے کہا ملک میں چلتا جمہوری اور سیاسی نظام نوازشریف کے فائدے میں نہیں، جمہوریت کا ڈی ریل ہونا انہیں فائدہ دیتا ہے، وہ ہمیشہ جمہوریت ڈی ریل کرنے میں پیش پیش رہے۔ان کا کہنا تھاکہ نوازشریف نے اداروں کے درمیان تصادم کی کوشش کی، وہ عدلیہ اور فوج پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس وقت ملک میں نوازشریف کی حکومت ہوتے ہوئے بھی ان کی چوری پکڑی گئی، اب ان کا حساب ہورہا ہے، نوازشریف کا سیاسی کیرئیر ختم ہوگیا، انہیں اب پیسے بھی دینے ہوں گے اور جیل بھی جانا پڑیگا۔ایک سوال کے جواب میں پی پی رہنما کا کہنا تھاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر باقر نجفی رپورٹ آنے کے بعد حساب ہونا چاہیے، ہم معصوم لوگوں کے خون کا حساب چاہتے ہیں، طاہرالقادری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر وہ قانونی دائرے میں پر امن احتجاج کریں گے تو ہم ان کے ساتھ ہوں گے۔ اس وقت ملک میں 7 حکومتیں ہیں جن میں سے 5 نوازشریف کی ہیں لیکن ان کی حکومتیں ہوتے ہوئے بھی ان کی چوری پکڑی گئی، اب ان کا حساب ہورہا ہے ۔

خورشید شاہ ،کائرہ

مزید : صفحہ اول