تفتان میں پھنسے 200 سے زائد زائرین کا قافلہ ملتان پہنچ گیا
ملتان ( سپیشل رپورٹر) شام، عراق اور ایران میں واقع(بقیہ نمبر28صفحہ12پر )
مقامات مقدسہ کی زیارت کے بعد واپسی پر پاکستان کے سرحدی شہر ’’تفتان‘‘ میں کئی روز تک پھنس جانے والے زائرین کے ملتان واپس آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز 200 سے زائد مرد و خواتین کا ایک قافلہ ٹرین کے ذریعے ملتان پہنچ گیا۔ لواحقین اور رشتہ داروں نیپرتپاک استقبال کیا، پھولوں کے ہار پہنائے اور گلے بھی ملتے رہے۔ قافلے میں خواتین، بوڑھے اور بچے بھی بڑی تعداد میں شامل تھے۔ زائرین کا تعلق ملتان کے علاقے سوتری وٹ سے تھا۔ اس موقع پر زائرین حکومت کے خلاف پھٹ پڑے اور شکائتوں کے انبار لگا دئیے۔ زائرین کا کہنا تھا کہ تفتان میں کئی روز تک شدید سردی میں ٹھٹھرتے رہے، درجنوں خواتین اور بچے بیمار ہو گئے مگر بلوچستان حکومت کئی روز تک تماشا دیکھتی رہی۔نہ ادویات موجود اور نہ ہی ڈاکٹر، پینے کا پانی تک دستیاب نہیں تھا۔ زائرین کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے کئی روز تک کوئٹہ روٹ پر سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی گئی۔ تفتان تحصیل ہیڈکوارٹر ہے مگرزائرین کو کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ علاوہ ازیں زائرین کی ملتان اور دیگر علاقوں کو واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔