اقوام متحدہ میں بیت المقدس پر ٹرمپ فیصلے کیخلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور

اقوام متحدہ میں بیت المقدس پر ٹرمپ فیصلے کیخلاف قرارداد بھاری اکثریت سے ...

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک ) اقوام متحدہ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے امریکی اعلان کے خلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس امریکی شہر نیویارک میں واقع ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا جس میں امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا معاملہ زیر بحث آیا۔ اجلاس کے دوران ترکی نے امریکی فیصلے کے خلاف قرار داد پیش کی پاکستان اور یمن نے اس کی مکمل حمایت کی جب کہ قرارداد کو ارکان ممالک نے بھاری اکثریت سے منظور کرلیا، اس کے حق میں 128 اور مخالفت میں محض 9 ووٹ پڑے جب کہ 35 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ بیت المقدس پر ہمارے فیصلے کے خلاف قرارداد میں حصہ لینے والے ممالک کی امداد بند کردیں گے تاہم اس دھمکی کے باوجود پاکستان نے اس قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے امریکی فیصلے کی کھلم کھلا مخالفت کی ہے۔چند روز قبل اقوام متحدہ کی قومی سلامتی کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف قرارداد پیش کی گئی تاہم امریکا نے اس قرارداد کو ویٹو کردیا تھا۔

مزید : کراچی صفحہ اول