امریکی حکومت تعلیم اورمستحکم پاکستان پر یقین رکھتی ہے،ڈیوڈ ہیل

امریکی حکومت تعلیم اورمستحکم پاکستان پر یقین رکھتی ہے،ڈیوڈ ہیل

اسلام آباد (این این آئی) امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ امریکی حکومت تعلیم کی قوت ،ایسی سرما یہ کاری پر یقین رکھتی ہے جس سے مضبوط و مستحکم پاکستان تعمیر ہو، اسلام آباد میں ہمارا سفارتخانہ دنیا میں کسی بھی امریکی سفارتخانہ کی نسبت سب سے بڑے تعلیمی و پیشہ ورانہ تبادلہ پروگراموں کیلئے تعاون کرتا ہے۔امریکی سفارتخانہ کے مطابق امریکی سفیر نے یہ بات جمعرات کو امریکی فنڈ سے چلنے والے 2018 کے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام میں شرکت کیلئے منتخب ہونیوالے 111پاکستانی انڈرگریجویٹ طلبہ کی امریکہ روانگی سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔امریکی سفیر نے منتخب طلبہ کو مبارکباد بھی پیش کی۔ تبادلہ پروگرام کا اجراء2010 میں کیا گیا تھا جس کے بعد سے اب تک تقریباً 1500پاکستانی طلبہ اس پروگرام میں شرکت کرچکے ہیں۔ اس تبادلہ پروگرام کے تحت طلبہ کو امریکی کالجز اور جامعات میں امریکی طلبہ کیساتھ تعلیم حاصل کرتے ہوئے ایک سمسٹر گزارنے کا موقع ملتا ہے۔امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت تعلیم کی قوت پر اور ایسی سرما یہ کاری پر یقین رکھتی ہے جس سے ایک مضبوط و مستحکم پاکستان تعمیر ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد میں ہمارا سفارتخانہ دنیا میں کسی بھی امریکی سفارتخانہ کی نسبت سے سب سے بڑے تعلیمی و پیشہ ورانہ تبادلہ پروگراموں کیلئے تعاون کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل یوگراڈ کے پاکستانی شرکاء کا انتخاب پاکستان بھر سے کیا گیا ہے جو ہیومنٹیز، انجینئرنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن اور سائنسز سمیت مختلف تعلیمی شعبوں کیوسیع دائرہ کارکی نمائندگی کرتے ہیں۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان ریٹا اختر نے پروگرام میں شرکت کرنیوالے پاکستانی طلبہ کی اس بات پر حوصلہ افزائی کی کہ وہ امریکہ میں میسر تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں سے پوری طرح مستفید ہوں۔

امریکی سفیر

مزید : کراچی صفحہ اول