وعدوں کی تکمیل کا سفر جاری ،رزڑکو گیس کی فراہمی کیلئے 30کروڑ مختص ہیں:شہرام خان ترکئی
صوابی (بیورورپورٹ) صوبائی سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان ترکئی اور ایم این اے عثمان خان ترکئی نے کہا ہے کہ وعدوں سے تکمیل کا سفر جاری رہے گا صوبائی حکومت نے تحصیل رزڑ کو گیس کی فراہمی کیلئے 30کروڑ روپے کے فنڈز مختص کر دیے ہیں ،بہت جلد سپلائی لائن پر کام شروع ہو جائے گا ، کرنل شیر کلے میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے تحصیل رزڑ کو گیس کی فراہمی کیلئے 30کروڑ فراہم کر دیے ہیں،انہوں نے کہا کہ تحصیل رزڑ کی عوام کو گیس کی فراہمی کا وعدہ بہت جلد تکمیل کو پہنچ جائے گا ،اس سلسلے میں سینیٹر لیاقت خان ترکئی اور ایم این اے عثمان خان ترکئی نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے تحصیل رزڑ میں گیس کے مسئلے پر ملاقات کی اور عوام کو گیس نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات سے آگاہ کیا جس پر تحصیل رزڑ کو گیس کی فراہمی کیلئے فنڈز مختص کر دیے گے ہیں، انہوں نے کہا کہ صوابی میں گیس کی سہولت نہ ہونے کے برابر ہیں مگر افسوس کچھ پختونوں کے دعویداروں نے کرنل شیر کلے میں اپنے گھروں کو تو چھ چھ گیس کنکشن لگائے مگر عوام کو لکڑیاں جلانے پر مجبور کر دیا ،انہوں نے کہا کہ میں نے صوابی کی عوام سے عدہ کیا تھا کہ پہلے صوابی کے ہر گھر کوگیس کی سہولت دلاؤں گا اور آخر میں اپنے گھر کو گیس کنکشن دوں گا، ایم این اے عثمان خان ترکئی نے کہا کہ ہم خالی نعروں پر یقین نہیں رکھتے عملی کام کرنے کو اپنا مشن سمجھتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے تحصیل رزڑ میں گیس کی فراہمی میں ہماری مدد کی اور عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ۔