بونیر کو گا مہاجر کیمپ اراضی ،صوبائی اسمبلی میں قرار داد جمع

بونیر کو گا مہاجر کیمپ اراضی ،صوبائی اسمبلی میں قرار داد جمع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی نے یونین کونسل کوگا بونیر میں مہاجر کیمپ کیلئے اراضی مالکان سے حاصل کی گئی زمینوں کا معاوضہ ادا نہ کرنے کے خلاف صوبائی اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کرا دی ہے، قرارداد پارلیمانی لیڈر اور صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے جمع کرائی ، قرارداد میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گاؤں کوگا ضلع بونیر میں عرصہ دراز سے وہاں کی 1419کنال قابل کاشت اراضی پر مہاجر کیمپ قائم ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے مالکان کے ساتھ 6ہزار روپے فی کنال سالانہ کے حساب سے لوظنامہ بھی طے پا چکا ہے لیکن بدقسمتی سے 2004سے لے کر آج تک مالکان کو معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ۔سردار حسین بابک نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے تقریباً 13سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اراضی مالکان کو ان کا جائز حق نہیں دیا جا رہا جو انتہائی زیادتی ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت فوری طور پر زمین مالکان کو معاوضہ کی ادائیگی یقینی بنائے اور اس کے ساتھ یونین کوگا کی ترقی کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے،انہوں نے کہا کہ مالکان کی جانب سے بار ہا احتجاج کے باوجود ان کے مسئلے کی شنوائی نہیں ہو سکی ہے جس سے گاؤں کے مکینوں میں مایوسی پھیل رہی ہے جبکہ زمین مالکان اپنی ملکیتی زمینوں کو نہ تو زرعی مقاصد اور ضروریات کیلئے استعمال کر سکتے ہیں نہ ہی انہیں اپنا معاوضہ مل رہا ہے ۔لہٰذا مرکزی حکومت فوری طور پر معاوضہ کی ادائیگی اور خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کرے۔