وزیراعظم سے ڈاکٹر شمشاد اختر کی ملاقات،پائیدار ترقیاتی اہداف پرتبادلہ خیال
اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اقوام متحدہ اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیاء و بحرالکاہل کی انڈر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شمشاد اختر کی ملاقات ، پائیدار ترقیاتی اہداف پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال ۔ وزیراعظم نے رکن ممالک کے درمیان پائیدار نمو اور اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے کمیشن کے مقاصد کو تقویت دینے میں ڈاکٹر شمشاد اختر کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے نتیجہ خیز منصوبہ جات، تکنیکی معاونت کیساتھ غربت میں کمی، تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن، سماجی ترقی اور آفات کے خطرے کو کم کرنے میں رکن ممالک کی استعداد کار بڑھانے کے ذریعے خطہ کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے بارے اقوام متحدہ اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیاء و بحرالکاہل کی قابل قدر خدمات کی بھی تعریف کی۔ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کامسیٹس کے کردار کو سراہا جس کیساتھ مذکورہ کمیشن نے پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کی حامل حکمت عملی کے حوالہ سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو مذکورہ حکمت عملی اور خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو فراہم کی جانے والی معاونت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔