نوجوان نسل نے مستقبل میں ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے :عاطف خان

نوجوان نسل نے مستقبل میں ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے :عاطف خان

پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ہی ہمار ا مستقبل ہے اور انہوں نے ہی پاکستان کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کو نوجوان نسل سے کافی امیدیں وابستہ ہیں اور یہی نوجوان ملک و قوم کی کامیابیوں کی ضامن ہیں۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر یوتھ پارلیمنٹ مردان کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ جن میں صدر حمزہ ، چےئرمین ارشاد ، جنرل سیکرٹری شیرشاہ اور انتخاب عالم شامل تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ یوتھ پارلیمنٹ 2014 سے مردان میں مختلف قسم کے سماجی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اور اپنی مدد آپ کے تحت مختلف قسم کے فلاحی کام کررہے ہیں۔محمد عاطف خان نے یوتھ پارلیمنٹ کے کام کو سراہا ،اور کہا کہ نوجوان نسل اگر اس قسم کی سرگرمیوں میں حصہ لیں ، فلاحی کاموں کے ذریعے دکھی انسانیت کی خدمت کریں اور نوجوان نسل کو آگاہی دینے کیلئے اور ان میں شعور اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تو آنیوالوں وقتوں میں اس ملک سے خاندانی سیاست کا مکمل خاتمہ ہوگا اور وہی لوگ جو کہ جذبہء خدمت سے سرشار ہو ملک و قوم کی بھاگ دوڑ سنبھالیں گے۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنی طرف سے پوری کوشش کررہی ہے کہ نظام کو ٹھیک کیا جائے ، اداروں میں اصلاحات کے ذریعے ان کی کارکردگی میں اب نمایاں تبدیلی آئی ہے جبکہ حکومت نے تعلیم کے میدان میں بہت اہم کارہائے نمایاں سرانجام دئیے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہمار آنیوالا کل روشن ہوگا کیونکہ ہم عام انسانوں اور نوجوانوں پر انوسٹمنٹ کررہے ہیں اور ان کی زندگی میں تبدیلیاں لارہے ہیں ۔ ہم سسٹم کو مضبوط بنا رہے ہیں تاکہ پھر کسی کو نہ تو کرپشن کرنے کی جراء ت ہو اور نہ ہی کوئی اداروں کو تباہ کریں ، یہی نوجوان نسل ہمار ا مستقبل ہے اور ہم ان کو ہر قسم کی مدد فراہم کریں گے۔ صوبائی وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ان کی بھر پور مدد کریگی ۔ دریں اثناء صوبائی وزیر سے محمد اسرار خان ناصافی کی قیادت میں تحصیل تنگی چارسدہ کے وفد نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر تحصیل تنگی کے مسائل اور تنظیمی صورتحال پر تفصیلی بحث ہوئی ۔ محمد عاطف خان نے وفد کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر بہت جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے علاوہ تحصیل تنگی میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی بحث ہوئی۔ محمد عاطف خان کو وفد نے اپنے علاقوں میں موجود منی مائیکرو ہائیڈل پاور پلانٹس کے سائٹ کے حوالے سے بتایا۔ جس حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ بہت جلد ان علاقوں کا سروے کیا جائیگا۔ اور جہاں پر مزید فیسلٹی موجود ہو ان علاقوں میں منی مائیکرو ہائیڈل پاور پلانٹس لگائے جائیں گے۔ تاکہ توانائی کی ضرورت پوری ہوسکے اور ملک میں موجود لوڈ شیڈنگ پر قابو پالیاجاسکے۔محمد عاطف خان نے کہا کہ موجود ہ صوبائی حکومت عام عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم کے میدان میں انقلابی اقدامات کئے ہیں جن کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں، ہمارے سکولوں کے نتائج میں بہت حد تک بہتری آئی ہے ، سکولوں میں وسائل کی کمی پورے کرنے پر کروڑوں ، اربوں روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ، جبکہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کے نتیجے میں رینکنگ میں پورے پاکستان میں 10میں سے 9ٹاپ پوزیشنز خیبر پختونخوا کے حصے میں آئی ہیں۔ جبکہ پنجاب کے حصے میں صرف ایک پوزیشن آیا ہے ۔صوبائی حکومت نے توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے (650) منی مائیکروہائیڈل پاور پلانٹس پر کام شروع کررہا ہے جن میں سے 160 پلانٹ کنال پر لگائے جائیں گے۔ جس سے ان علاقوں کے عوام کو فائدہ ملے گا۔ جہاں پر نہروں میں سات فٹ سے زیادہ اونچائی موجود ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پر عوام کے اعتماد کی بحالی میں بہت اضافہ ہوا ہے اور لوگ جوق درجوق پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔ ہماری سیاست کا بنیادی مقصد ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور حقدار کو اس کا حق اس کے دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول