رینجرز کے چھاپے، غیرملکیوں سمیت جرائم پیشہ ملزمان گرفتار

رینجرز کے چھاپے، غیرملکیوں سمیت جرائم پیشہ ملزمان گرفتار

کراچی (کرائم رپورٹر ) پاکستان رینجرز(سندھ) نے شہر کے مختلف علاقوں میں کالعدم اور سیاسی تنظیموں سے وابستگی، لیاری گینگ وار ،ڈکیت، جرائم پیشہ افراد سمیت افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز سندھ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نارتھ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبداللہ عرف ٹینکی کو گرفتار کیاجس کا تعلق کالعدم سپاہ صحابہ پاکستان سے ہے۔ ملزم بھتہ خوری سمیت دہشت گردی کی متعدد کاروائیوں میں ملوث ہے۔ نارتھ کورنگی انڈسٹریل ایریا، نیو کراچی اور سعید آباد کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے4ملزمان سید حسن امام، سید کاشف حسن جیلانی،فرحان دانش اورمحمد ندیم عرف ٹونی کو گرفتار کیاجن کی سیاسی وابستگی ایم کیو ایم (لندن ) سے ہے ۔ ملزمان ٹارگٹ کلنگ، گاڑیاں جلانے،بھتہ خوری اورسمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ علاوہ ازیں کھو کھراپار اور میمن گوٹھ کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے2 ملزمان راشد عرف سلاری اور سرفراز احمد عرف چپو کو گرفتار کیاجن کا تعلق لیاری گینگ وارسے ہے۔ملزمان ٹارگٹ کلنگ اور منشیات فروشی کے کاروبار سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ دریں اثناء بلدیہ ٹاؤن اور نیو کراچی کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے2ملزمان شہاب الدین عرف شابواور ذیشان خان کو گرفتارکیا۔ملزمان ڈکیتیوں سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملو ث ہیں۔ مزید برآں نارتھ کورنگی انڈسٹریل ایریا اورعوامی کالونی کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 2ملزمان اعجاز عظیم رندھاوا اور رضوان کو گرفتارکیا۔ملزمان لینڈ گریبنگ،پلاٹوں اور مکانوں کے جعلی دستاویزات تیار کرنے،جعل سازی اور فراڈ کے ذریعے لوگوں سے رقم بٹورنے سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ اس کے علاوہ مدینہ کالونی کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر رہائش پذیر افغان باشندے شریف کو گرفتار کیا جو غیر قانونی طور پر پاکستان آیا تھا۔ماڈل کالونی، میمن گوٹھ اور عوامی کالونی کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان عارف محمد عرف عارفی،علی محمد عرف بابا، محمد شکیل، فیضان محمد عرف فیضو،محمد سرفراز حسین اورعبد القدیر کو گرفتارکیا۔ ملزمان علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن ،مسروقہ سامان اور منشیات بھی بر آمد کرلی گئی۔16 ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس جبکہ2 کو FIA اوراینٹی نارکوٹیکس فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر