ضلعی سطح پر ماتحت عدلیہ کا انصاف کی فراہمی میں جذبہ قابل فخر ہے :چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

ضلعی سطح پر ماتحت عدلیہ کا انصاف کی فراہمی میں جذبہ قابل فخر ہے :چیف جسٹس ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جناب جسٹس یحیےٰ آفریدی نے انصاف کی فراہمی میں ماتحت عدلیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے دور دراز علاقوں میں ضلعی سطح پر ماتحت عدلیہ جس جذبے کیساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے وہ قابل فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ما تحت عدلیے کے لئے نوقائم شدہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری سیکرٹریٹ موثر انداز میں اپنی خدمات سرانجام دے گا جو تمام جوڈیشل افسران کا مشترکہ وژن تھا اور اس کا مقصد ما تحت عدلیہ جو شہریوں کو انصاف فراہم کرنے کی پہلی سیڑھی ہے کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہے تا کہ وہ جذبے کیساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نشتر ہال پشاور میں جوڈیشل آفیسرز کا نفرنس اور صوبہ کے ما تحت عدلیہ کیلئے قائم ڈسٹرکٹ جوڈیشری سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا ۔ کانفرنس وافتتاح کی مشترکہ تقریب میں پشاور ہائی کورٹ کے معزز ججز، دیگر اعلیٰ حکام اور صوبہ بھر کے تمام ڈسٹرکٹ کورٹس کے ججز نے شرکت کی۔اس موقع پر چیف جسٹس نے عدالتی مقدمات نمٹانے کے سلسلے میں سا ل2017 میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر صوبہ بھر کی ما تحت عدلیہ کے متعدد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز اور سول ججز کو سرٹیفیکیٹس اور اعزازات بھی دےئے۔ کانفرنس و تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب چیف جسٹس نے کہا کہ صوبہ کی ضلعی عدلیہ کیلئے ہائی کورٹ میں نو قائم شدہ سیکرٹریٹ انتہائی مفید ثابت ہوگا جس میں ورلڈ بنک نے تعاون فراہم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو حقیقت کی شکل دینے میں رجسٹرار پشار ہائی کورٹ نے نمایا ں کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ ما تحت عدلیہ کو ہر موقع پر اپنی معاونت فراہم کرے گا تا کہ وہ دلجمعی کیساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔ اس موقع پر نو قائم شدہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری سیکرٹریٹ کے چاراہم شعبوں، ریگولیشن اینڈ لیگل ڈرافٹنگ ونگ، اپریشن منیجمنٹ ونگ، انسپکشن اینڈ ایم آئی ٹی ونگ اور ہیومن ریسورس اینڈ ویلفےئر ونگ کی ذمہ داریوں اور اہداف و کارکردگی کے بارے میں متعلقہ ڈائریکٹرز نے تفصیلی پریزنٹیشن دی اور معزز جج صاحبان و ماتحت عدلیہ کو ان کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔اس موقع پر سینئر جج جسٹس وقار احمد سیٹھ اور ایڈیشنل رجسٹرار ذکاء اللہ خٹک نے بھی خطاب کیا اور قانون کی حکمرانی ، عوامی حقوق کے تحفظ و دیگر امور پر اظہار خیال کیا۔