پاکستان عمان کیساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،ایازصادق

پاکستان عمان کیساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،ایازصادق

اسلا آباد (سٹاف رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان عمان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں برادر اسلا می ممالک کے درمیان پائے جانے والے دیرینہ تعلقات کو پارلیمانی اور اقتصادی تعاون کے ذریعے نئی بلند یوں سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں سلطنت عمان کے سفیرالشیخ محمدعمر احمدالمرہون سے تبادلہ خیا ل کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملاقات کی ۔عمان اور پاکستان کے مابین پائے جانے والے تعلقات ،بین الاقوامی فورم پر تعاون او رعلاقائی امن اور سیکورٹی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان عمان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہش مند ہے ۔سپیکر نے مزیدکہا کہ دونو ں برادر اسلا می ممالک کے مابین تعلقات ،مشترکہ مذہب ، ثقافت اور روایات کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور دونو ں ممالک کی جغرافیا ئی مماثلثت موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت نے بیرونی سر مایہ کاروں کوساز گار ماحول فراہم کرنے کے لیے اقتصادی شعبے میں متعدداصلاحات متعارف کرائی ہیں جن سے عمان سر مایہ کار بھی مستفید ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتے ہیں ۔انہوں نے عمان کے سپیکر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی ۔عمان کے سفیرالشیخ محمدعمر احمدالمرہون نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو تاریخی اور منفرد قرار دیا ۔انہوں نے سپیکر کے تاثرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمان پاکستان کو اپنا بھائی تصور کرتاہے اور پارلیمانی رابطوں کو فروغ دیکر اور ممکنہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کر کے موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دیناچاہتا ہے ۔سفیر نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن عمان کی تعمیر و تر قی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے یقین دلایا کہ عمان مختلف شعبوں میں پاکستان کی افرادی قوت کی حوصلہ افزائی کرے گا ۔

مزید : ملتان صفحہ اول