مظفرآباد،تجاوزات کے خلاف آپریشن 13ویں روز میں داخل
مظفرآباد (بیورورپورٹ)۔تجاوزات کے خلاف آپریشن 13ویں روز میں داخل ،آپریشن بلا امتیاز اور شہر کی رونقیں بحال کرنے کیلئے ہے ۔شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر اقدام کیا گیا ہے ۔بلدیہ کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ شہر میں صفائی ستھرائی یقینی بناتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کرے ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سید شکیل گیلانی کی میڈیا سے گفتگو ۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ مظفرآباد نے شہر سے تجاوزات کے خاتمہ اور ماحولیات کو نقصان پہنچانے کی روش کی حوصلہ شکنی کیلئے شروع کئے گئے آپریشن کو بتدریج آگے بڑھاتے ہوئے متعدد مقامات پر کارروائیاں کی ہیں ۔بلدیہ کا آپریشن 13ویں روز میں داخل ہو گیا ہے ۔آپریشن کے حوالہ سے کیے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر سید شکیل گیلانی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ دارالحکومت میں شہریوں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے جن میں تجاوزات ،غیرق انونی تعمیرات اور کوڑا کرکٹ جلایا جانا ہے ۔تجاوزات نے شہریوں کا پیدل چلنا بھی مشکل بنا دیا ہے ۔جبکہ دکانداروں نے اپنے فائدے میں دکانوں کے سامنے عارضی دکانیں قائم کر رکھی ہیں ۔جس سے فٹ پاتھ غائب ہو گئے ہیں ۔غیر قانونی تعمیرات بھی ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہے ۔جبکہ کوڑا کرکٹ جلانے کا رجحان ابھی ختم نہیں ہوا۔اسلئے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے ساتھ ساتھ کوڑا کرکٹ جلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ہمیں انتظامیہ ،پولیس ،میڈیا ،تاجر برادری کا مکمل تعاون حاصل ہے ۔اس لئے ہمیں یقین ہے کہ آپریشن سو فیصد کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔