شریف برادران جمہوریت کی پازیب پہن کر ملک کولوٹ رہے ہیں ،شیخ رشید

شریف برادران جمہوریت کی پازیب پہن کر ملک کولوٹ رہے ہیں ،شیخ رشید

وزیرآباد،گکھڑمنڈی(نامہ نگار،نمائندہ خصوصی) عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید احمد نے وزیرآباد کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فراڈ اب نہیں چلے گا کہ ایک بھائی سپریم کورٹ کی شان میں قصیدے پڑھتا ہے جبکہ بڑا بھائی سپریم کورٹ کو آنکھیں دکھا کر یاوہ گوئی اور عدلیہ کے خلاف تحریک چلانے کی باتیں کر تا ہے،ایک بھائی وزیراعظم کا امیدوار اور دوسرا روزانہ عدلیہ پر چڑھائی کرتا ہے علی بابا اور 52چور عدلیہ اور افواج پاکستان پرتنقید کرکے عالمی ایجنڈا کی تکمیل کر رہے ہیں جس کے ماسٹر مائنڈ نوازشریف ہیں ،جمہوریت کی پازیب پہن کر یہ ملک کو لوٹ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کان کھول کر سن لو اگرہمت ہے تو چلاؤ تحریک جدھر تم دن رکھو گے ادھر ہم بھی ہونگے اور قوم بھی ساتھ ہو گی ۔ قوم دیکھ رہی ہے یہ دوغلا پن کسی صورت نہیں چلے گا ۔ ملک کا 66سالوں میں قرض 40ارب روپیہ اور اس حکومت نے گذشتہ چار سالوں میں 35ارب روپے قرضہ لے کر ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے اور دعوے خدمت کے کر رہے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ڈبل گیم کھیل رہے ہیں اور اربوں روپے کے سیکرٹ فنڈز اپنے منظور نظر افراد میں بانٹنا شروع کر دیئے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے معاملہ پر ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ کھڑے ہیں ، حکومت دھرنے میں شہید ہونے والوں کے ورثا کو 25,25لاکھ روپے دے ۔انہوں نے کہاکہ 9ارب روپے سے زائد ترقیاتی فنڈزکے نام پر کیپٹن صفدر ، شیخ آفتاب اور فیصل آباد کے ایک سینیٹر کو دیئے گئے تاکہ یہ پیسے بانٹ کر وہ نا اہلی کیس میں ووٹ لیں سکیں۔علاوہ ازیں مستنصر چیمہ کے بھا ئی کے دعوت ولیمہ میں شرکت کے مو قع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے شیخ رشید نے کہا کہ ملک کے د و نامور سیاستدانوں کو خواتین کی وجہ سے سیا سی زندگی ملی سا بق صدر آصف علی زرداری کو محترمہ بینیظ بھٹو کی شہادت اور عمران خان کو انکی سابقہ اہلیہ جما ئمہ خان کی وجہ سے سیاسی استحکام ملا۔ میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری دونوں قوم سے ڈرامہ کر رہے ہیں اندر سے وہ ایک ہی ہیں موجودہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے خصوصی فنڈ کی لوٹ سیل لگا کر مو جودہ ایم این ایز کو کنٹرول کر رکھا ہے لیکن وہ آج بھی اپنی کہی ہو ئی اس بات کے پابند ہیں کہ حکومت کیلئے نئے سال کا مہینہ مارچ آخری ہو گا اربوں کھربوں روپے قوم کے لوٹنے والو ں سے حساب لینے کے لئے قوم اٹھ کھڑی ہو۔

شیخ رشید

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر