ذوالفقار چیمہ وزیر داخلہ ہوں تو سکیورٹی کے حالات بہتر ہوجائیں: راجہ ظفرالحق

22 دسمبر 2017 (10:40)

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ ذوالفقار احمد چیمہ اگر وزیر داخلہ ہوں تو ملک میں سکیورٹی کے حالات بہتر ہوجائیں، پولیس سروس میں ان کی غیر معمولی خدمات ان کی شخصیت کا ایک پہلو ہے، ان کا ویژن ملکی اور بین الاقوامی سطح کا ہے۔ وہ ایک قطبی ستارہ ہیں جن سے دوسرے رہنمائی لیتے ہیں، ان کی کتاب نصاب کا حصہ بننی چاہیے، ان کی تحریریں ہر ادارے کی رہنمائی کرتی ہیں، ان خیالات کا اظہار راجہ ظفرالحق نے نیو ٹیک کے سربراہ ذوالفقار احمد چیمہ کی کتاب ” دو ٹوک “ کی تقریب رونمائی سے کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ” دو ٹوک “ میں مضامین میں بہت تنوع ہے اور تحریریں بہت دلچسپ اور مفید ہیں، ذوالفقار چیمہ نے نوجوانوں کو امید کی کرن دکھائی ہے اور ہاتھ سے کام کرنے والوں کی عزت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ اور سرونگ بیوروکریٹس، سابق آئی جیز ، وائس چانسلرز، پرنسپلز، صنعتکاروں، ادیبوں اور دانشوروں سمیت نوجوانوں نے شرکت کی۔

مزیدخبریں