کرسمس پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، طاہر محمود اشرفی 

   کرسمس پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، طاہر محمود اشرفی 

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)یو آر آئی پاکستان اور پیس سینٹر لاہور کی مشترکہ کاوش سے پیس سینٹر عرب ہاؤسنگ سوسائٹیز،فیروز پور روڈ لاہور میں مسیحیوں کے عالمی مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر بین المذاہب کرسمس کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے مختلف شہروں سے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی قائدین،انسانی حقوق کے علمبرداروں،امن کے داعی،سماجی تنظیموں اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستا ن مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی تھے جبکہ صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے تقریب کی صدارت کی۔کرسمس تقریب کی میزبانی او پی ریجنل کوارڈینیٹر یو آر آئی آل پاکستان،ڈائریکٹر پیس سینٹر فادر جیمز چنن نے کی،فادر جیمز نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ آ ج کے دن ہمارے دل خوشیوں سے مسرور ہیں کیونکہ آج بہت ہی عظیم تہوار ہے،اس دن ہم خداوند یسوع مسیح کا جنم دن مناتے ہیں جبکہ آج ہم وطن پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کہا کہ ہم آپ کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جہاں تک مذہبی آزادیوں کا تعلق ہے تو پاکستان کا آئین مذہبی اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور آزادی دیتا ہے، کیونکہ اسلام میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے جبکہ یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ پاکستان میں ہندوؤں، سکھوں اور مسیحوں کے علاوہ بعض دوسرے مذاہب کو ماننے والے بھی چین اور سکھ سے رہتے ہیں۔انہوں نے مسیحی برادری سے اپیل کی کہ کرسمس کے موقع پر کورونا کی وباء کو پیش نظر رکھتے ہوئے،حکومت پاکستان کی جانب سے مقرر کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے جبکہ حکومت نے تمام تر حفاظتی انتظامات یقینی بنائے ہیں تاہم حکومت تن تنہا کچھ نہیں کر سکتی بلکہ ہر کسی کو ذمہ دار شہری ہونیکا ثبوت دیتے ہوئے مکمل احتیاط سے کام لینا ہوگا۔

طاہر محمود اشرفی 

مزید :

صفحہ آخر -