وفاقی حکومت ملک کو انارکی کی طرف لے جارہی ہے،جام اکرام

        وفاقی حکومت ملک کو انارکی کی طرف لے جارہی ہے،جام اکرام

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخباری اطلاعات کے مطابق 20 جنوری تک صنعتوں کو گیس نہیں ملے گی جو انتہائی افسوناک ہے۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ بات بھی بہت افسوس ناک ہے کہ ملک کے بڑے شہروں میں بھی گھریلو صارفین کو گیس کی قلت کا سامنا ہے اور وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث اس جدید دور میں بھی شہری لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ صنعتوں کو گیس کی بندش سے بیروزگاری مذید بڑھے گی جبکہ عوام مہنگائی اور کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی بہت پریشان ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ لگتا ہے وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ہے۔ ہر ضروریات زندگی کی اشیا کو مہنگا کردیا گیا ہے۔ دال، چینی، آٹا، انڈے ہر چیز عوام کی دسترس سے دور ہوگئی ہے اوروفاقی وزرا جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ عوام کو سہولیات دینے کے بجائے لولی پاپ دے رہے ہیں۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل حل کرے۔ کہیں عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز نہ ہو جائے۔ ہر چیز مہنگی کرکے وفاقی حکومت ملک کو انارکی کی طرف دھکیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں 15 سے 20 ہزار روپے کمانے والا گھر کیسے چلائے گا۔ لگتا ہے سلیکٹڈ یو ٹرن حکومت کو کوئی خوف خدا نہیں رہا اور عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -