لاہور کے نئے ماسٹر پلان کی تیاری اولین ترجیح ہے: احمد عزیز 

      لاہور کے نئے ماسٹر پلان کی تیاری اولین ترجیح ہے: احمد عزیز 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑنے کہا ہے کہ نیا ماسٹر پلان لاہور شہر کے مستقبل کا معاملہ ہے،چنانچہ اس کی شفاف طور پر تیاری ہماری اولین ترجیح ہے۔آئندہ تین عشروں کے دوران شہر کی ترقی کاخاکہ تیار کرنے کے لئے لاہور کے شہریوں، ماہرین اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی ہے۔ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے کنسلٹنٹ سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں سب کمیٹی نے شارٹ لسٹ کئے جانے والے  تینوں کنسورشیم کی ٹیکنیکل تجاویز کا جائزہ لے کر کنسلٹنٹ سلیکشن کمیٹی کو اپنی رپورٹ پیش کر دی۔ان میں  دارالہندسہ (لبنان)،مائن ہارٹ(سنگاپور)،اور نیسپاک شامل ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور کے ماسٹر پلان 2050ء کی تیاری کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ کنسلٹنٹ کی تقرری کے عمل کے آخری مرحلہ میں شارٹ لسٹ کی گئی تین کمپنیوں کی طرف سے جمع کروائی جانے والی ٹیکنیکل پرپوزلز کا جائزہ مکمل کر لیاگیا۔اجلاس میں چیف میٹروپولیٹن پلانر سیدمحمد ندیم اخترزیدی،ڈائریکٹرمیٹروپولیٹن پلاننگ فیصل قریشی،واٹر سپیشلسٹ محمدریاض،محکمہ پی اینڈ ڈی اور محکمہ فنانس کے نمائندوں، چیئرمین سٹی وریجنل پلاننگ ڈیپارٹمنٹ انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر شاکر محمود،ٹی اوآر کمیٹی کے ارکان انجینئر اکبر شیخ،کامل خان ممتاز اور عمرانہ ٹوانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کامل خان ممتاز نے کہا کہ ایل ڈی اے کی طرف سے ماسٹر پلان کی تیار ی کے لئے  پہلی بار مشاورت کی گئی ہے جو قابل تعریف ہے۔ 

عمرانہ ٹوانہ نے کہا کہ خوشی ہے کہ ایل ڈی اے نے شہر کے لئے منصوبہ بندی کرنے کے لئے شہریوں کی رائے طلب کی۔