ڈیسکون کے قیام کو شاندار43برس مکمل
لاہور(پ ر)ڈیسکون نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے کمپنی کی کامیابی اور میراث کو یادگار بناتے ہوئے کمپنی کے قیام کی 43ویں سالگرہ جوش و خروش سے منائی۔کمپنی نے موجودہ صورتحال اور اپنے ملازمین کی حفاطت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس خوشگوار لمحے کو اپنے ملازمین کو مبارکباد کے پیغامات اور تحائف ارسال کرکے منایا۔کمپنی کے قیام کو 43برس مکمل ہونے کے اعزاز میں ڈیسکون ہیڈ کوارٹر لاہور میں ایک چھوٹی سی تقریب کا انعقاد کیا گیا،جہاں ڈیسکون انجینئرنگ،پاور و کیمیکلز بزنس کے سی ای او نے ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ٹیم کے ہر رکن کی تعریف کی جنہوں نے اپنی انتھک محنت اور لگن سے ادارے کو کامیاب بنایا۔ڈیسکون کی مقامی اور بیرو ن ملک موجود تمام پراجیکٹ سائٹس پر بھی اسی طرز کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ہر برس ڈیسکون کے قیام کی سالگرہ کا دن ڈیسکون کیلئے وہ موقع ہوتا ہے جس میں دنیا بھر میں موجود کمپنی کے ملازمین کو کمپنی کی ترقی کیلئے ان کے عزم اور لگن کیلئے سراہا جاتا ہے۔43برس کا یہ سفر گزشتہ برسوں کے دوران ہمارے تمام شراکت داروں کے ڈیسکون کی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں ان کی معاونت کا نتیجہ ہے اور جو مستقبل میں بھی اس ادارے کو کامیابیوں کی میراث تک پہنچانے کیلئے اپنی معاونت کیلئے پرعزم ہیں۔اس موقع پر تیمور داؤد نے ملازمین کے نام جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ ”ہم ایک بدلتی ہوئی دنیا میں رہتے ہیں جسے کوویڈ19کی وباء نے مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ایسے ادارے جو چستی کے ساتھ خود کو بدلتے کی صلاحیت رکھتے ہیں،وہ ہی کامیاب رہتے ہیں جبکہ تبدیلی قبول نہ کرنے والے مشکلات کا شکار رہتے ہیں اور اپنی بقاء کو خطرے میں ڈال دیتے ہیں یا پھر مکمل طور پر مٹ جاتے ہیں اور فراموش کردیئے جاتے ہیں۔مجھے بار بار یہ کہتے ہوئے انتہائی فخر محسوس ہوتا ہے کہ بطور ڈیسکون ہم نے اپنی راہوں میں آنے والی رکاوٹوں اور مشکلات پر قابو پانے کیلئے ہمت اور لگن کا بے مثال مظاہرہ کیا۔میں پر امید ہوں کہ ہر ڈیسکونین مستقبل میں بھی اسی عزم اور لگن کا مظاہرہ جاری رکھے گا۔اس خوشگوار موقع پر میں ڈیسکون کے بانی رزاق داؤد کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ہم پر اعتماد کرتے ہوئے کہ ہم اس میراث کو برقرار رکھیں گے اور اگلی صدی تک ڈیسکون کی تعمیر و ترقی جاری رکھیں گے،ڈھائی برس قبل ڈیسکون چھوڑتے ہوئے ایک زیادہ بڑے مقصد کیلئے کام کرنے کا فیصلہ کیا۔‘
‘ڈیسکون ایک کثیر الملکی کمپنی ہے جس کا ہیڈ کوارٹر پاکستان میں ہے،یہ کمپنی پاور،کیمیکلز،انجینئرنگ اور کنسٹرکشن کی صنعتوں کے ساتھ اس سے جڑی ٹیسٹنگ اور انسپکشن کی صنعتوں میں کام کرتی ہے۔