نارووال سپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال پر فرد جرم عائد
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)احتساب عدالت نے نارووال سپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال پر فرد جرم عائدکردی،سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے صحت جرم سے انکارکرتے ہوئے کہاکہ جج نے پہلے دیکھنا ہوتا ہے یہ کیس بنتا بھی ہے یا نہیں،جج اصغر علی نے کہاکہ ہم یہاں ایسی باتیں سننے نہیں بیٹھے ہوئے ۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں نارووال سپورٹس سٹی کیس کی سماعت ہوئی،ن لیگ کے رہنما احسن اقبال اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے احسن اقبال پر فرد جرم عائدکردی،عدالت نے فردجرم عائد کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے بدنیتی سے نارووال سپورٹس سٹی کاسکوپ بڑھایا،آپ نے ذاتی فائدے کیلئے اختیارات کاغلط استعمال کیا۔
سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے صحت جرم سے انکارکرتے ہوئے کہاکہ جج نے پہلے دیکھنا ہوتا ہے یہ کیس بنتا بھی ہے یا نہیں،جج اصغر علی نے کہاکہ ہم یہاں ایسی باتیں سننے نہیں بیٹھے ہوئے ، جج نے احسن اقبال کو بات کرنے سے روک دیا۔
جج اصغر علی نے کہاکہ آپ نے کوئی درخواست دائر کرنی تو کریں یا اپنے وکیل کے ذریعے بات کریں ، ہم سامنے پیش کیا گیاریکارڈ دیکھ کر ہی کہہ رہے ہیں یہ بادی النظر میں کیس بنتا ہے، جہانگیر جدون نے کہاکہ کہاں کیس بنتا ہے، کیا ہمارے ماتھے پر لکھا ہوا ہے؟ ،جج اصغر علی نے کہاکہ فیصلے سے پہلے فیصلہ نہیں سنا سکتے ، شواہد دیکھے جائیں گے،عدالت نے نیب کواحسن اقبال کیخلاف گواہان پیش کرنے کاحکم دیدیا۔