تیسرا ٹی 20، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

تیسرا ٹی 20، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی
تیسرا ٹی 20، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی
سورس: Twitter

  

نیپیئر (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں 4 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے وائٹ واش کی ہزیمت سے بچ گئی ہے اور سیریز کا اختتام 1-2 پر کرنے میں کامیاب رہی ہے، محمد رضوان نے 89 رنز کی اننگز کھیل کر جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق مکلین پارک نیپیئر میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور نوجوان بلے باز حیدر علی نے اننگز کا آغاز کیا تو 40 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کو پہلی کامیابی مل گئی اور حیدر علی 11 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 112 کے مجموعی سکور پر گری اور سینئر آل راﺅنڈر محمد حفیظ 41 رنز بنا کر کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ قومی ٹیم کے تیسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی خوشدل شاہ تھے جنہوں نے 10 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 13 رنز بنائے اور جیمی نیشام کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔ 

قومی ٹیم کو چوتھا نقصان 163 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا اور آل راﺅنڈر فہیم اشرف محض 2 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے جبکہ اگلی ہی گیند پر میدان میں آنے والے کپتان شاداب خان بھی بغیر کوئی سکور بنائے پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے پراعتماد اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے کیوی باﺅلرز کی خوب درگت بنائی اور کرارے چھکوں کیساتھ ساتھ مصالحے دار چوکے بھی جڑے۔ انہوں نے 59 گیندوں پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 89 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساﺅتھی سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور سکاٹ کوگلارین نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیمی نیشام اور کائل جیمی سن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ 

قبل ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقرررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 173رنز بنائے۔ ڈیوین کانوے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن 19، کین ولیم سن 1، ٹم سیفرٹ 35، گیلن فلپس 31، جیمی نیشام 2 اور سکاٹ 14 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ 

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 20 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی اور فاسٹ باﺅلر حارث رﺅف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ 

مزید :

کھیل -