دنیا کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات قائم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،ملکی مفاد اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: وزیر خارجہ
ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملکی مفاد اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دنیا کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات قائم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر ہمارا تاریخی موقف ہے اور اس پر قائم ہیں، عمران خان کی قیادت میں ملکی ترقی کا سفر جاری رہے گا،پی ڈی ایم سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، پی ڈی ایم در حقیقت ملکی ترقی کے مخالف ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم رہنماؤں کو خواب میں بھی حکومت نظر آتی ہے،اپوزیشن کو انتظار کرنا ہوگا حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی، استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں واضح دراڑ نظر آرہی ہے، پی ڈی ایم کے اراکین سپیکرکو استعفی پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر انتہائی شدید ہے عوام احتیاط کریں، حکومت کی خواہش ہے کہ عوام کی زندگیاں بھی محفوظ رہیں اور ملکی ترقی کا پہیہ بھی چلتا رہے، معیشت کے حوالے سے عالمی اداروں کی رپورٹ ہماری بہترین حکومتی پالیسیوں کی توثیق ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لوٹی دولت کا حساب مانگنے پر پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں سڑکوں پر نکل آئیں۔