دنیا میں چکن تکہ مصالحہ متعارف کرانیوالے شیف علی احمد اسلم انتقال کر گئے

Dec 22, 2022 | 11:10 AM

ایڈنبرگ (ویب ڈیسک) دنیا میں چکن تکہ مصالحہ متعارف کرانے والے سکاٹش شیف علی احمد اسلم  انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق شیف علی احمد اسلم کی موت کا اعلان پیر کو سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں واقع ان کے شیش محل ریسٹورنٹ نے کیا، ان کی عمر 77 برس تھی، ان کا انتقال سکاٹ لینڈ میں ہوا۔علی احمد اسلم 1958 میں پاکستان سے اسکاٹ لینڈ منتقل ہوئے تھے اور پھر انہوں نے 1964میں گلاسگو میں ریسٹورنٹ کھولا تھا۔

ماضی میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کو انٹرویو دیتے ہوئے علی نے  وضاحت کی تھی کہ انہوں نے چکن تکہ مصالحہ 1970 کی دہائی میں اس وقت متعارف کرایا جب ان کے ایک گاہک نے چکن تکہ کو خشک کھانا کہا تھا۔رپورٹس کے مطابق ان کی متعارف چکن تکہ مصالحہ ڈش کے سابق وزیرخارجہ رابن کک بھی دلدادہ تھے۔علی احمد اسلم سکاٹ لینڈ میں سُپر علی کے نام سے مشہور تھے۔

مزیدخبریں