گورنمنٹ کالج برائے خواتین گوجرانوالہ میں کانووکیشن کا انعقاد ، سابق آئی جی موٹر وے ذوالفقار چیمہ کی بطور مہمان خصوصی شرکت
گوجرانوالہ (ڈیلی پاکستان آن لائن ) گورنمنٹ کالج برائے خواتین گوجرانوالہ میں کانووکیشن کا انعقاد ہوا جس میں سابق آئی جی موٹر وے ذوالفقار چیمہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، اپنے خطاب میں ذوالفقار چیمہ کا کہنا تھا کہ حیاء عورت کا حسن اور قیمتی سرمایہ ہے ،امید ہے پاکستان کی بیٹیاں پوری شان کے ساتھ حیاء کے قلعے کا دفاع کریں گی۔
گورنمنٹ کالج برائے خواتین کے کانووکیشن میں خطاب کے دوران سابق آئی جی موٹر وے کا کہنا تھا کہ آپ کی ڈگریاں دنیائے روزگار میں داخلے کا ٹکٹ نہیں، یہ علم کی مشعل ہے جس سے اتنی روشنی پھیلائیں کہ جہالت کے اندھیرے ختم ہو جائیں۔ ماؤں کو چاہیئے کہ حلال اور حرام کی تمیز ،برائی اور جرم سے نفرت بچوں کی رگوں میں اتاریں۔
تقریب میں مہمان خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہماری نئی نسل بے سمت ،وسوسوں اور مایوسی میں گھری ہوئی ہے۔ وہ احساس کمتری کا شکار اور خود اعتمادی سے محروم ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اس کی سب سے بڑی تربیت گاہ یعنی ماں کی صحبت اور تربیت غیر فعال ہو چکی ہے۔ ماوں نے اپنا فریضہ بھلا دیا ہے یا اب وہ مائیں نہیں رہیں جو بچوں اور اعلی انسان اور بہترین مسلمان بنانے کے لیے تربیت دیا کرتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب اور بھارتی کلچر کی یلغار بڑی شدید ہے۔ اس بار وہ پورے لاو لشکر کے ساتھ حیا کے قلعے کو مسمار کرنے کے لیے حملہ آور ہوئے ہیں مگر مجھے امید ہے کہ پاکستانی قوم کی بیٹیاں پوری جرآت اور شان کے ساتھ حیا کے قلعے کا دفاع کریں گی اور دنیا کو بتائیں گی کہ حیا ہماری شان اور پہچان ہے اور یہی وجہ پاکستان ہے۔