عام انتخابات میں 6 کروڑ 12 لاکھ 82 ہزار 920 ووٹرز نے ووٹ ڈالا اور ووٹر ٹرن آؤٹ48 فیصد رہا جو 2018ء میں 52 فیصد تھا۔فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے انتخابات میں ووٹرزکی شمولیت کی جائزہ رپورٹ جاری کی ہے۔ فافن رپورٹ کے مطابق عام انتخابات 2024ء میں ریکارڈ پاکستانیوں نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا، انتخابات میں 6 کروڑ 12 لاکھ 82 ہزار 920 ووٹرز نے ووٹ ڈالا اور ووٹر ٹرن آؤٹ48 فیصد رہا جو 2018ء میں 52 فیصد تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2018ء سے 2024ء کے دوران 2 کروڑ 25 لاکھ ووٹرز کا اضافہ ہوا، 2024ء انتخابات کے لئے خواتین ووٹرزکی رجسٹریشن نے مردوں کو پیچھے چھوڑدیا۔ ایک کروڑ مردوں کے مقابلے میں ایک کروڑ 25 لاکھ خواتین ووٹر رجسٹر ہوئیں۔ مرد اور خواتین ووٹرز ٹرن آؤٹ کا 2018ء میں فرق10 فیصد تھا جوکم ہوکر9 فیصد ہوا۔ رپورٹ کے مطابق شہری علاقوں کے مقابلے میں دیہی علاقوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ زیادہ رہا، دیہی علاقوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ 50 فیصد اورشہری علاقوں میں 43.8 فیصد رہا۔خیال رہے کہ ملک میں عام انتخابات رواں سال 8فروری کو ہوئے تھے اور قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لئے ووٹرز نے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔