لبارڈ خصوصی افرادکو ہنر مند بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے،سعید خان

لبارڈ خصوصی افرادکو ہنر مند بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے،سعید خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ) کے جوائنٹ سیکریٹری محمد سعید خان نے کہا ہے کہ لبارڈ خصوصی افراد کو ہنرمند بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ یہ اپنی خداداد صلاحیتوں کو استعمال میں لاکر کسی پر بوجھ بننے کے بجائے خود انحصار زندگی گزار سکیں وہ خیبرپختونخوا کے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے سرکاری آفیسرز کے پندرہ رُکنی وفد سے خطاب کررہے تھے جو جائیکا (JICA)پاکستان کے تحت کپیسٹی بلڈنگ پروگرام کے سلسلے میں لبارڈ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کے دورے پر آئے تھے محمد سعید خان نے وفد کو لبارڈ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کا دورہ کرایا اور معذور افراد کو فراہم کیے جانے والے مختلف ہنروں اور لبارڈ کی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی نسبت پاکستان میں معذور افراد کے لیے بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ، ترقی یافتہ ممالک میں عمارتوں پر خصوصی ریمپ تعمیر کیے جاتے ہیں اور عوامی مقامات پر بھی سہولیات یقینی بنائی جاتی ہیں تاکہ معذور افراد کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے لہذا ہمیں بھی ایسے ہی اقدامات اٹھانا ہونگے سعید خان نے کہا کہ لبارڈ انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت معذور افراد کی خدمت کے لیے سرگرمِ عمل ہے اور اس کی ٹیم کے تمام اراکین بے لوث جذبہ خدمت کے تحت یہ کوشش کررہے ہیں کہ معذور افراد کو بھی معاشرے کا فعال رُکن بنایا جائے تاکہ وہ کسی پر بوجھ بننے کے بجائے نہ صرف اپنا روزگار خود کمائیں بلکہ ملک و قوم کی خدمت بھی کریں انہوں نے کہا کہ لبارڈ معذور افراد کو تعلیم و تربیت اور روزگار کی سہولیات مہیا کررہا ہے اور اب تک ہزاروں معذور افراد لبارڈ کی خدمات سے استفادہ کرکے ایک کامیاب زندگی گزار رہے ہیںانہوں نے کہا کہ لبارڈ شہر کے مختلف حصوں میں وقتاً فوقتاً کیمپس بھی منعقد کرتی ہے تاکہ لبارڈ کی خدمات سے وہ لوگ بھی مستفید ہوسکیں جنہیں اس بارے میں کوئی علم ہی نہیں ہے کہ لبارڈ جیسی کوئی تنظیم ان کی خدمت کے لیے کام کررہی ہے خیبرپختونخوا کے سرکاری آفیسرز کے وفد نے لبارڈ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پشاور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پر بھی زور دیا جائے گا کہ وہ بھی معذور افراد کی بحالی کے لیے لبارڈ کو بطور رول ماڈل سامنے رکھتے ہوئے ایک ادارہ قائم کرے۔