انڈین کرکٹ ٹیم دھڑے بندیوں کا شکارہے ،بھارتی میڈیا
ممبئی(آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم حالیہ دورہ نیوزی لینڈ میں ناکامیوں کے داغ اپنے دامن پر لگائے رات کے اندھیرے میں وطن واپس پہنچ گئی‘ تمام کھلاڑی شائقین کرکٹ کے کسی بھی نامناسب روئیے سے بچنے کیلئے چپکے سے ایئرپورٹ سے اپنے گھروں کو گئے‘ بھارتی میڈیا کے مطابق گھر کے شیروں نے حالیہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران اپنی کارکردگی سے یہ بات بھی ثابت کی کہ وہ اپنے ملک میں ہی کرکٹ کھیل سکتے ہیں‘ دوسرے ممالک میں وہ کھیلنے کی اہلیت ہی نہیں رکھتے‘ بھارتی میڈیا نے اپنی ٹیم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی ایسے وطن واپس لوٹے ہیں جیسے محاذ جنگ سے ہارا ہوا فوجی پست حوصلوں کیساتھ اپنے بنکرز میں آتا ہے۔ میڈیا کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم رات کے اندھیرے میں اپنے گھروں کو لوٹی اور تمام کھلاڑی چپکے سے اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے۔ انہیں ڈر تھا کہ ان کے چاہنے والے کہیں ان پر حملہ آور ہی نہ ہوجائیں۔ میڈیا نے یہ بھی کہا ہے کہ مہندرا سنگھ دھونی کو بظاہر تو فٹنس مسائل کی وجہ سے ایشیاءکپ سے باہر کیا گیا ہے لیکن اندرونی کہانی کچھ اور معلوم ہوتی ہے اور اےسے لگ رہا ہے کہ بھارتی ٹیم بھی دھڑے بندیوں کا شکار ہے۔ اس میں ایک دھڑا مہندرا سنگھ دھونی اور دوسرا ویرات کوہلی کو سپورٹ کررہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ٹیم کی کارکردگی میں کوئی تسلسل نہیں۔
میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ بورڈ کے کرتا دھرتا بھی مستقبل میں ویرات کوہلی کو ٹیم کی قیادت سونپنے کے خواہاں ہیں اور متعدد مواقع پر اس کا اظہار بھی کیا گیا ہے کیونکہ مہندرا سنگھ دھونی کو اب بورڈ کا اعتماد بھی حاصل نہیں رہا‘ یہی وجہ ہے کہ بھارتی ٹیم کا ہر کھلاڑی ٹیم ورک کی بجائے انفرادی کھیل پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے۔