پاکستانی قوم کو آج جس اتحاد کی ضرورت ہے پہلے نہ تھی، سردار یعقوب
لاہور(سٹاف رپورٹر) آزادکشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ہم پاکستان کو اپنا ہی ملک سمجھتے ہیں آج پاکستانی قوم کو جس اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ صوبوں میں ہم آہنگی کا فروغ اشد ضروری ہے ان خیالات کااظہار آزاد کشمیر کے صدر نے ممتاز بزنس مین جہانزیب اقبال کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا وہ گزشتہ روز ایک روزہ نجی دورے پر آزاد کشمیر سے لاہور پہنچے تھے۔ جہانزیب اقبال نے صدر آزاد کشمیر کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں ممتاز سماجی و کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ پنجاب میں آ کر جو پیار اور محبت ملتا ہے اہل پنجاب جس انداز سے دل و جان نشاورکرتے ہیں اس سے اپنایت کا احساس ہوتا ہے ہم ان کی میزبانی اور اپنایت کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستانی قوم کو آج جن اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اس میں اتحاد کی سب سے زیادہ ضرورت ہے پوری قوم کو بیک زبان ہو کر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
سردار یعقوب خان