انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان اور انگلینڈ نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، بھارت اور سری لنکا کی ’چھٹی‘ ہو گئی

انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان اور انگلینڈ نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، بھارت اور ...
انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان اور انگلینڈ نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، بھارت اور سری لنکا کی ’چھٹی‘ ہو گئی

  

شارجہ (مانیٹرنگ ڈیسک) انڈر 19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل راﺅنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ نے اپنے میچز جیت کر سیمی فائنل کیلئے جگہ بنا لی ہے۔ پاکستان نے سری لنکا کو 121 رنز سے جبکہ انگلینڈ نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ پاکستان اورسری لنکا کے درمیان شارجہ میں کوارٹر فائنل کھیلا گیا جہاں پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اورمقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنائے اور سری لنکا کو 280 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان سمیع اسلم نے 95 اور امام الحق 82 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم ابتدائی سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہا، پوری ٹیم 42.3 اوورز میں صرف 158 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی ۔ پاکستان کی جانب سے ضیاءالحق، کرامت علی، ظفر گوہر اور کامران غلام نے 2,2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

دوسری جانب بھارت اور انگلینڈ کے درمیان بھی کوارٹر فائنل کھیلا گیا جس میں انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ دبئی کے شیخ زید انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ انڈیا کی جانب سے دیپک ہودا نے 68 اور سرفراز خان 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے ابتدائی کھلاڑی جلد ہی پویلین لوٹ گئے جس کے باعث مقابلہ انتہائی دلچسپ ہو گیا تاہم برطانوی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرتے ہوئے انڈیا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈوکٹ 61 اور جو کلارک42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

مزید : کھیل /اہم خبریں