بجلی کی قیمتیں خطے میں دیگر ممالک کی نسبت کم کی جائیں : پیاف

بجلی کی قیمتیں خطے میں دیگر ممالک کی نسبت کم کی جائیں : پیاف

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان انڈسٹریل اینڈٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی بجائے کمی کی جائے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نیپرا کی جانب سے حکومت کوبجلی کی قیمت میں اضافے کے لئے تجویز دی گئی تھی جسے حکومت نے مسترد کر دیا ہے۔ بجلی کی قیمتیں خطے میں دیگر ممالک کی نسبت پہلے ہی زیادہ ہیں۔ مہنگی بجلی کے باعث پیداوار ی لاگت زیادہ ہونے سے اشیاء وخدمات کی قیمتوں میں اضافہ سے بیرون ملک پاکستانی اشیاء کی مانگ میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث برآمدات میں تیزی سے کمی ہورہی ہے اور تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے۔صنعت و تجارت سے وابستہ صارفین کے لئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق کیا جائے اور صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پیداواری لاگت میں کمی ہوسکے اور ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے پرائیویٹ پاور پلانٹ پر انحصار کم کیا جائے اور پن بجلی منصوبے شروع کیے جائیں کیونکہ تھرمل بجلی مہنگی جبکہ ہائیڈل بجلی سستی اور عوام اور صنعتکاروں کے مفاد میں ہے ۔چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے سیئنر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب اکرم کے ہمراہ پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ہمسائیہ ممالک میں بجلی و گیس کی قیمتیں پاکستان کی نسبت انتہائی کم ہیں ۔جس کے باعث ان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں جبکہ پاکستان کی برآمدات کمی کا شکار ہیں برآمدات میں اضافہ کیلئے تجارتی پالیسی میں مختص فنڈز کو استعمال کرکے بیرون ملک نئی منڈیاں اور پاکستانی اشیاء کی نمائشوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ممکن ہوسکے اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔

کیونکہ بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگی اشیاء کے باعث بیرون ملک میں پاکستانی اشیاء کی مانگ میں کمی کے باعث ملکی برآمدات مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں۔

مزید : کامرس