مانگا منڈی ، تیز رفتار مزدا ٹرک کی ٹکر سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ، 3افراد شدید زخمی
لا ہور (خبرنگار) مانگا منڈی کے علاقہ میں تیز رفتار مزدا ٹرک بے قابو ہو کر رکشہ سے جا ٹکرایا جس سے رکشہ ڈرائیورجاں بحق اوراس میں سوارتین افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال میں منتقل کردیاگیاجبکہ ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کرلاش کو قبضے میں لے کر نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی کے علاقہ ملتان روڈ پر نتھے خالصہ کے قریب تیز رفتارمزدا ٹرک بے قابو ہوکر رکشہ سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیوراشرف اوراس میں موجود 3سواریاں افضل ،امجد اور شوکت شدید زخمی ہوگئے جبکہ مزدا ڈرائیورگاڑ ی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔زخمیوں کو ریسکیو 1122کی مدد سے طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال میں منتقل کردیاگیاجہاں رکشہ ڈرائیورجانبر نہ ہو سکا ۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کرلاش کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا اور نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔