با صلاحیت نوجوان محفوظ اورمستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں، رفیق رجوانہ

با صلاحیت نوجوان محفوظ اورمستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں، رفیق رجوانہ

لاہور(لیڈی رپورٹر ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ پاکستان کی باصلاحیت نوجوان نسل محفوظ اورمستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آپ کی ضرورت ہے ، آپ پاکستان کا نہ صرف سرمایہ ہیں بلکہ فخر بھی ہیں ، آپ نے مستقبل میں عملی طور پر اپنے اپنے شعبوں میں کارہائے نمایاں سرانجام دے کر پاکستان کی خدمت کرنی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے کنیئرڈ کالج لاہور کے81 ویں کانووکیشن کے موقع پر خطاب کے دوران کیا‘ کانووکیشن کی تقریب میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی ،بشپ ڈاکٹر الیگزنڈر جان ملک ، طالبات ان کے والدین و دیگر مہمانان گرامی کی کثیرتعداد نے بھی شرکت کی ۔گورنرپنجاب نے کہاکہ پاکستان ان خوش قسمت ترین ممالک کی صف میں شامل ہے جہاں طالبات تعلیم کے شعبے میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف شعبہ جات میں اعزازات حاصل کر رہی ہیں اور کر چکی ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ کنیئرڈ کالج ایک مثالی ، تاریخ ساز تعلیمی درسگاہ ہے جس کی تعلیم کے میدان میں بے پناہ خدمات ہیں‘ بطور ایک باپ کے میں آپ کے سامنے اس بات کا برملا اعتراف کرتا ہوں کہ میری ایک ہی اکلوتی بیٹی ہے جس کے بارے میں میری دلی خواہش تھی کہ وہ کنیئرڈ کالج سے تعلیم حاصل کرے اور الحمد اللہ اس نے وہیں سے گریجوایشن مکمل کی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ میرا نوجوان نسل کوپیغام ہے کہ وہ اپنی زندگیوں میں مثبت سوچ و فکرکو پروان چڑھائیں اور معاشرے کے تمام افراد بالخصوص میڈیا جو کہ ریاست کا چوتھا ستون ہے اور اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، میری ان سب سے بھی اپیل ہے کہ وہ مثبت رجحان کو پروان چڑھانے کے لیے اپنے کردار کو مزید وسیع کریں ۔قبل ازیں چیئرمین بورڈ آف گورنر ز بشپ ڈاکٹر الیگزنڈرجان ملک ، پرنسپل کنیئرڈ کالج ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ نے تعلیم کی اہمیت ، علم کے حصول ، امن کے تصور ، دہشت گردی کے خاتمے اور کالج کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلا خطاب کیا ۔اس موقع پر گورنرپنجاب اور صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے گریجوایشن مکمل کرنے والی طالبات میں میڈل تقسیم کیے ۔

مزید : صفحہ آخر