نئی رہائشی سکیموں میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں

نئی رہائشی سکیموں میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبے میں سرکاری شعبہ کی نئی رہائشی سکیموں میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تمام درکار سہولیات فراہم کرنے کیلے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان نئی سکیموں میں عوام کو رہائشی پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے پہلے تعلیمی اداروں ، ہسپتالوں، مساجد، پبلک پارکس اور مارکیٹوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور اس مراعاتی پیکج کی بدولت عوام سرکاری ہاؤسنگ سکیموں میں پلاٹس حاصل کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی کے 18 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ریٹائرڈ) سید وقار الحسن اور ڈا ئریکٹر جنرل سیف الرحمان عثمانی کے علاوہ اتھارٹی کے دیگر ممبران و محکمہ جات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ ہاؤسنگ کے صوبے میں شروع کردہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا ہر پہلو سے جائزہ لیا گیا اور متعدد امور کی میں اتھارٹی نے منظوری دی۔ اجلاس میں اتھارٹی کیلئے ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر اور ڈائریکٹر ہاؤسنگ سکیم کی دو خالی آسامیوں پر مختصر متعین مدت کیلئے بھرتی کے سلسلے میں سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی منظوری دی گئی جبکہ نئی سکیموں میں الاٹمنٹ سے پہلے تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کیلئے کمیونٹی بلڈنگز کی تعمیر، ڈیزائن اور پلاننگ کی اجازت دی گئی۔ اتھارٹی نے چارسدہ انٹر چینج کے نزدیک ڈھیری زرداد موٹروے سائٹ پر واقع مجوزہ رہائشی منصوبہ جس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے بنایا جائیگا کیلئے مانگی گئی تجاویز (RFP ) اور ہاؤسنگ سکیموں میں پلاٹنگ کے دوران اضافی اراضی کی الاٹمنٹ کیلئے پی ڈی اے کی طرز پر قواعد و ضوابط بنانے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین اور عوامی سطح پر سرکاری پلاٹس کے حصول کے کوٹے کی شرح پر بھی غور کیا گیا جبکہ اتھارٹی کیلئے دو نئی گاڑیوں کی خریداری اور ما تحت عملے کی دو آسامیوں سپرنٹنڈنٹ اور سینئر سکیل سٹینو گرافر کو 80 فیصد پروموشن اور 20 فیصد کی براہ راست بھرتی کرنے کے قواعد کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں آسان شرائط اور کم قیمت پر پلاٹس کے حصول کیلئے حکومت کی شروع کردہ سکیم خپل کور میں علاقائی سہولیاتی مراکز کے قیام کیلئے اخراجات کی ضمن میں بجٹ فراہم کرنے کی بھی منظور ی دی جبکہ محکمہ ہاؤسنگ میں کمیٹی روم کی تزین و آرائش کیلئے 0.280 ملین روپے کی بھی منظوری دی گئی۔

مزید : کراچی صفحہ اول