خیبر پختونخوا اسمبلی 153قوانین پاس کر کے مثالی اسمبلی بن گئی : اسد قیصر

خیبر پختونخوا اسمبلی 153قوانین پاس کر کے مثالی اسمبلی بن گئی : اسد قیصر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ خیبرپختونخوااسمبلی اب تک 153قوانین پاس کرکے ایک مثالی اسمبلی بن گئی ہے ۔صوبائی اسمبلی نے احتساب کمیشن بل ،وسل بلورزایکٹ ،رائٹ ٹوانفارمیشن بل ،کانفلیکٹ آف انٹرسٹ بل جیسے قوانین پاس کئے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے دورہ پر آئے ہوئے آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن سے سپیکر چیمبر میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی میں پڑھے لکھے نوجوان ممبران اسمبلی اور اسمبلی سٹاف کو اسمبلی قواعدضوابط اورقانون سازی کے مراحل سے آگاہی کیلئے مناسب ٹریننگ اور ان کے کام کی استعداد کار بڑھانے کیلئے یورپین یونین اور برٹش کونسل کے اشتراک سے کپسٹی بلڈنگ پروگرام شروع کئے ۔اس سلسلے میں ممبران اسمبلی اور سٹاف کو سکاٹ لینڈاور آئل آف مین کی اسمبلیوں کے دورے کروائے گئے ۔آسٹریلین ہائی کمشنر نے اس موقع پر خیبرپختونخوااسمبلی کی مثالی قانون سازی اور ارکان کی ٹریننگ کے پروگراموں کو ستائشی الفاظ میں سراہا ۔انہوں نے اس امر میں دلچسپی کااظہار کیا کہ خیبرپختونخوااسمبلی اور آسٹریلین حکومت کے مابین ایکسچینج پروگرام کے تحت صوبائی اسمبلی کے ممبران اور سٹاف کو آسٹریلیاء کے دورے کروائے جائیں ۔اس موقع پر آسٹریلین ہائی کمشنر کو ای۔پارلیمنٹ اور پیپر لیس انوائرمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس کو انہوں نے شاندار الفاظ میں سراہا ۔اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے آسٹریلین ہائی کمشنر کو روایتی شال پہنائی اور اسمبلی کی یادگاری شلیڈپیش کی ،ملاقات کے دوران سپیشل سیکرٹری آئی ٹی عطاء اللہ خان نے سپیکر کی معاونت کی ۔