غریب اور محروم طبقو ں کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح حاصل ہے : مظفر سید ایڈووکیٹ

غریب اور محروم طبقو ں کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح حاصل ہے : مظفر سید ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہاہے کہ ملک بھر کے غریب عوام اور محروم طبقوں کے مسائل کو حقیقی معنوں میں ختم کرنے کی فکر، درد اور احساس صرف جماعت اسلامی کو ہے یہی وجہ ہے کہ باشعور عوام کا اعتماد اس حقیقی اور فلاحی و اسلامی جماعت پر بڑھ رہا ہے، جماعت اسلامی کی سیاست اصولوں پر مبنی ہے اور کو شش کر رہی ہے کہ اس ملک میں ایسا حقیقی فلاحی و اسلامی نظام کا بول بالا ہو ہو جسکے ذریعے استحصالی نظام کا خاتمہ ہو اور ہر شہری کو تمام سہولیات میسر ہو سکیں اور امیر و غریب کے درمیان پیدا کردہ تفریق کومٹایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دیر پائیں تالاش کے مختلف مقامات، دوکڑی، شمشی خان تنگے، مچو اور خدنگ میں جماعت اسلامی کے الگ الگ شمولیتی جلسوں سے بطور مہمان خصوسی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحصیل ناظم ریاض محمد ایڈوکیٹ، ضلعی ممبر حاجی فضل قادر سمیت جماعت اسلامی کی مقامی قیادت ، معززین علاقہ اور عوام کی کثیر تعدا د موجود تھی۔ شمولیتی جلسوں کے دوران موضع مچو کی سرکردہ شخصیت سید محمود،تنگے کے سابقہ کونسلر اور اے این پی کے رہنما بخت روان جبکہ خدنگ میں پی ٹی آئی کے کسان کونسلر حنیف خان اور دوکڑی کے معروف شخصیت اقبال خان نے اپنے ساتھیوں اور عزیز و اقاریب کے ہمراہ اپنی پارٹی سے مستعفی ہو کر جماعت اسلامی میں باقاعدہ طور پر شمولیت کا اعلان کیا۔ صوبائی وزیر نے جلسوں کے دوران پارٹی میں نئے شامل ہونے والے ورکرز کا خیبر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں انکی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے جلسوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ملک پر بر سر اقتدار حکمرانوں نے عوام کو طرح طرح کے خام خیالی نعروں پر دھوکہ دے کر اقتدار حاصل کیا مگر اقتدار حاصل کرنے کے بعد ساری توجہ اپنی تجوریوں کو بھرنے پر مرکوز رکھی اور ملک کو برباد کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ان موروثی اور بار یاں حاصل کرنے والی پارٹیوں سے مایوس ہو چکے ہیں اور با شعور عوام اب جماعت اسلامی کی طرف مائل ہو چکے ہیں کیونکہ ہماری جماعت کا بنیادی نصب العین غریب عوام کی عملی طور پر خدمت کرنا ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ اس ملک کے تمام مسائل کا خاتمہ ایک حقیقی اسلامی اور فلاحی نظام کے ذریعے ممکن ہے جسکے لئے جماعت اسلامی جدوجہد کر رہی ہے اور جب ہمیں اقتدا ملا تو ہم عوام کو وہی تمام سہولیتں فراہم کریں گے جو ایک اسلامی ریاست نے یکساں طور پر فراہم کرنی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبائی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے موثر قانون سازی کے ذریعے شعائر اسلام کی خدمت کی ہے اور دیہی سطح پر بھی عوام کو درپیش مسائل کے خاتمے کیلئے نمایاں اقدامات اٹھائے ہیں۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر