احتساب عدالت میں میاں نواز شریف کو انصاف نہیں ملے گا: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت میں میاں نواز شریف کو انصاف نہیں ملے گا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہاں انصاف ہوتا نظر نہیں آرہا ، نواز شریف کی ہفتے میں دو تین پیشیاں ہوتی ہیں حالانکہ ان پر کرپشن کا کوئی چارج نہیں ہے ، ’احتساب عدالت میں میاں نواز شریف کو انصاف نہیں ملے گا ، یہ صرف میری رائے نہیں بلکہ یہ پاکستان کے ہر شہری کی رائے ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ بے عزتی کے خوف سے وزرا اور سرکاری افسران نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے، جب سرکاری افسر اور وزرا کام کرنا چھوڑدیں تو اس کا نقصان ملک کو ہوتا ہے ، سب سے بڑھ کر ملک کا مفاد ہے اسے مقدم رکھنا چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی میں کوئی ثبوت نہیں نکلے اب نیب کہاں سے ثبوت لائے گی?نوازشریف سے 30 سال پہلے والدین کے اثاثوں پر سوال کیے جاتے ہیں اور پوچھا جاتا ہے کہ پیسے کا لین دین کیسے ہوا جب کہ ملک میں دو شخصیات ایسی ہیں جن پر 5سو ارب روپے کرپشن کے الزامات ہیں اور یہ الزامات خودعدلیہ نے لگائے لیکن ان میں ایک کیس کو 7سال اور دوسرے کے 2سال ہوگئے جن پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔