کراچی کے علاقے میں منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن، لیکن دراصل یہ کاروبار کون چلا رہا تھا؟ ایسا انکشاف منظر عام پر کہ کوئی پاکستانی کبھی سوچ بھی نہ سکتا تھا

کراچی کے علاقے میں منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن، لیکن دراصل یہ ...
کراچی کے علاقے میں منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن، لیکن دراصل یہ کاروبار کون چلا رہا تھا؟ ایسا انکشاف منظر عام پر کہ کوئی پاکستانی کبھی سوچ بھی نہ سکتا تھا

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں بسنے والا ہر شخص کبھی نا کبھی یہ سوچنے پر ضرور مجبور ہو جاتا ہے کہ یہاں جرائم پیشہ افراد اتنے بے خوف اور بے باک کیوں ہیں۔ ملک میں طرح طرح کی سکیورٹی ایجنسیوں اور جگہ جگہ پولیس سٹیشن واقع ہونے کے باوجود یہ کیسے ممکن ہے کہ غنڈے، بدمعاش سر عام جرائم کرتے ہیں اور کوئی انہیں روکنے ٹوکنے والا نہیں ہوتا۔ اس سوال کا جواب کراچی کے علاقے چنیسر گوٹھ میں کئے گئے اینٹی ڈرگ آپریشن کی رپورٹ کی صورت میں سب کے سامنے ہے، اور بدقسمتی سے یہ جواب بہت ہی لرزہ خیز ہے۔

اخبار ’ڈان‘ کے مطابق اس رپورٹ میں تفصیل کے ساتھ بتایا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، خصوصاً پولیس، سپیشل و انٹیلی جنس برانچ اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے درجنوں سینئیر و جونئیر اہلکار،منشیات فروشوں اور سمگلروں کے ساتھ مل کر شہر میں غیر قانونی کاروبار چلا رہے ہیں اور بااثر شخصیات و سیاستدان اس کالے دھندے کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔

چنیسر گوٹھ میں یہ دھندہ گزشتہ تین دہائیوں سے پھل پھول رہا تھا البتہ چار ماہ پر محیط آپریشن کے دوران اس غیر قانونی کاروبار کے خاتمے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔ اس آپریشن کے دوران ڈیڑھ سو سے زائد منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی جبکہ درجنوں پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا ہے، جو کانسٹیبل سے لے کر ڈی ایس پی تک کے عہدے پر فائز تھے۔

ماضی میں اس نوعیت کا ایک بھی آپریشن کامیاب نہیں ہوسکا کیونکہ بااثر افراد اور خصوصاً طاقتور سیاستدان آپریشن کے راستے کی رکاوٹ بن جاتے تھے لیکن اس بار ان بااثر شخصیات کو خصوصی طور پر پیغام دیا گیا تھا کہ وہ مجرموں کی مدد کرنے سے باز رہیں۔

ایس پی ڈاکٹر رضوان احمد نے بتایا کہ پولیس نے پہلے مطلوب افراد کی ایک فہرست تیار کی اور تقریباً 176 افراد جو کہ انتہائی متحرک تھے ان کی شناخت کی گئی۔ گزشتہ چار ماہ کے دوران ان میں سے 160 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ 20 گینگ ختم کئے جاچکے ہیں۔

یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں

گرفتار ہونے والے پولیس اہلکاروں میں ایک ڈی ایس پی، تین انسپکٹر، متعدد اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور درجنوں کانسٹیبل شامل ہیں۔ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار منشیات فروش گروپوں کو منشیات سپلائی کرنے میں ملوث نکلے۔ یہ لوگ مختلف علاقوں سے پکڑی گئی منشیات اپنے من پسند منشیات فروشوں کو سپلائی کرتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے دھندے کا تقریباً خاتمہ ہوچکا ہے لیکن اس کامیابی کے جاری رہنے کاانحصار اس بات پر ہے کہ مستقبل میں اس دھندے کو پھر سے تحفظ نہ دیا جائے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی