عرب فیشن ویک اور ’’کیٹ واک ‘‘ کی خبروں کے بعد سعودی عرب سے ایک اور ایسی خبر آ گئی کہ پڑھ کر آپ کو بھی اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آئے گا
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)تیزی سے تبدیل ہوتے سعودی عرب میں اب ایسی ایسی تقریبات کے بارے سننے میں آ رہا ہے کہ اگر یہی بات چند سال قبل کہی گی ہوتی تو ہر شخص ’’ایسی بات ‘‘ کہنے والے کو دماغی علاج کرانے کا مشورہ دیتا ،عرب فیشن ویک کے بعد اب خبر آئی ہے کہ سعودی دارالحکومت ریاض میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ’’سلمان کی بیٹیاں‘‘ کے نام سے موسیقی میلے کا انعقاد کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ میلہ 2 مارچ کو ریاض میں واقع شاہ فہد کلچرل سینٹر میں شروع ہوگا جو دو دن تک جاری رہے گا جبکہ اس میلہ میں سعودی خواتین موسیقاروں کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں خواتین شرکت کریں گی۔اس میلے کو شہزادی نورہ بنت محمد آل سعود سپانسر کریں گی۔ موسیقی میلے میں خواتین تھیٹر پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گی جبکہ سعودی عرب کی مشہور خواتین شعرا اپنا کلام سنائیں گی جبکہ اس موقع پر سعودی خواتین کی تاریخ سے متعلق ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی جائے گی۔ شاہ فہد ثقافتی مرکز میں سعودی خواتین اور بچوں کے لیے مخصوص لابی میں مختلف شو بھی دکھائے جائیں گے، پروگرام میں نئے میڈیا، فوٹو گرافی، میڈیکل کلچر، پلاسٹک آرٹس اور لوک ثقافت کے موضوعات پر مختلف سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔اس میلے میں صحافت، فنون لطیفہ، تصویر کشی، شاعری، کھیل، انتظامیہ اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کی حامل خواتین کو اعزازت سے بھی نواز ا جائے گا۔واضح رہے کہ شاہ فہد ثقافتی مرکز میں اس نوعیت کا یہ دوسرا پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ 26سے31مارچ تک ’’عرب فیشن ویک ‘‘ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں سعودی خواتین ماڈلز ’’کیٹ واک ‘‘ کے ذریعے عرب ملبوسات کی نمائش کریں گی ۔