احتساب عدالت ،سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ 11روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے آشیانہ سکیم میں مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو11روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے ،احد چیمہ کو بکتر بند گاڑی میں لانے کے بعد ہتھکڑیاں لگا کرریمانڈ کے لئے عدالت میں پیش کیاگیا۔نیب پنجاب نے آشیانہ سکیم میں مالی بے ضابطگیاں کرکے 32کنال اراضی لینے اور دیگر کرپشن کے الزام میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو ریمانڈ کے پیش کے لئے احتساب عدالت میں کیا، اس موقع پر پنجاب گورنمنٹ کے تمام افسران جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھے جبکہ پولیس کی نفری کو صبح سے ہی عدالتوں کے باہر تعینات کیا گیا۔
خاص طور پر سول کپڑوں میں اہلکار قطاروں کی صورت میں عدالت کے باہر سماعت ہونے تک موجود رہے۔عدالت میں نیب کے پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ احد چیمہ نے آشیانہ سکیم کی 32کنال اراضی کا ٹھیکہ قاسا ڈویلپر کمپنی اور بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کو دیا اور یہاں سے ملنے والی رقم سے پیرا گون سٹی میں 30ملین سے 32کنال کی جگہ حاصل کی، احد چیمہ کی بے ضابطگیوں کی وجہ سے 6ہزار افراد گھر حاصل کرنے سے محروم رہے۔
عدالت میں احد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ ان پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں، یہاں پر دیگر افسران بھی کام کر رہے تھے ،ان کو نہیں پکڑا گیا، ان کا کہنا تھا کہ نیب کا دوسرانوٹس ملنے پر وہ نیب کے پاس گئے لیکن وہاں میڈیاکو دیکھ کر واپس آ گئے جبکہ نیب کا کہنا ہے انہیں کئی بار بلایا گیا لیکن وہ وضاحت کے لئے پیش نہیں ہوئے ۔عدالت نے وکلا ءکے دلائل کے بعد احد چیمہ کا 5مارچ تک جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے سماعت آئندہ پیشی تک ملتوی کردی ۔