پاکستان کا پانی روکنا بھارت کی بہت بڑی غلطی ہوگی :وزیر خارجہ کی تنبیہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان کاپانی روکنا بھارت کی بہت بڑی غلطی ہوگی، وزیر اعظم نے مسلح افواج کو اختیار دیدیا ہے کہ اگر بھارت کوئی حرکت کرتاہے تو فوری جوا ب دیا جائے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیاکامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے وزیر اعظم نے جب کہا کہ میں نے اپنی فوج کو فری ہینڈ دیدیاہے، وہاں سے اشارے ملے کہ ہم نے پاکستان کو سبق سکھانا ہے تو پھر ہم نے دنیا کے سامنے اپنا نقطہ نظر پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت ہماری معقول تجاویز کے باوجود کوئی حرکت کرتاہے تو پھر پاکستان کو اس کا جواب دینا ہو گا، وزیر اعظم نے مسلح افواج کو اختیار دیدیا ہے کہ اگر بھارت کوئی حرکت کرتاہے تو پھر فوری جوا ب دیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے آبی وزیر کی جانب سے پانی روکنے کا بہت غیر ذمہ دارانہ بیان ہے ، اگر بھارت نے ایسے کیا تو یہ بہت بڑی غلطی ہوگی ، بھارت کی اس قسم کی دھمکیوں کا عالمی بینک کونوٹس لینا چاہئے کیونکہ وہ پاکستان اور بھارتی کے مابین ضمانتی ہے ، میں نے مودی کی دھمکیوں سے متعلق اقوام متحدہ کو خط لکھا ہے اور اس میں پانی بند کرنے کی دھمکیوں کاحوالہ دیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ایران کی تشویش کو دور کریں گے ، افغانستان میں امن کیلئے مذاکرات کا سلسلہ آگے چلے گا ۔