وزیراعظم آفس نے سادگی مہم سے کتنے پیسے بچا لیے؟ جان کر آپ بھی عمران خان کو داد دیئے بغیر نہ رہ پائیں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم ہاﺅس نے سادگی مہم کو اپناتے ہوئے اور اخراجات میں کمی کرتے ہوئے 30 کروڑ 30 لاکھ روپے بچت کر لی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ وزیراعظم ہاﺅس حکومت کی طرف سے جاری بچت مہم میں تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں پر بازی لے گیا، جس نے موجودہ مالی سال کے دوران اب تک اپنے اخراجات میں 31 فیصد کمی کرتے ہوئے قومی خزانے کے 30 کروڑ 30 لاکھ روپے بچائے، یہ بچت سٹاف کی تنخواہوں اور الاﺅنسز، کھانے پینے کے اخراجات، گاڑیوں کے فیول اور کیش انعامات کی مد میں کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سرکاری اخراجات میں کمی اور سادگی کے فروغ کے حوالے سے اپنی ہدایات کا اعادہ کرتے ہوئے تمام وزرا کو ہدایت کی کہ وہ اس مہم پر بہر صورت عملدرآمد ممکن بنائیں۔