میرے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر گن پوائنٹ پر دستخط لیے گئے، گرفتاری کے بعد گھر میں گھسنا اچھی روایت نہیں: آغا سراج درانی

میرے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر گن پوائنٹ پر دستخط لیے گئے، گرفتاری کے بعد گھر ...
میرے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر گن پوائنٹ پر دستخط لیے گئے، گرفتاری کے بعد گھر میں گھسنا اچھی روایت نہیں: آغا سراج درانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ ان کے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر گن پوائنٹ پر دستخط لیے گئے اور گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی، گرفتاری کے بعد گھر میں گھسنا اچھی روایت نہیں ہے۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ میرے اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا گیا انہیں دھمکیاں دی گئیں اور گن پوائنٹ پر دستخط لیے گئے۔ میرے گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی ، کوئی غیرت مند یہ برداشت نہیں کرے گا ۔اپنے بیوی بچوں کو یہاں لاتا تو آپ رو پڑتے، جو آج میرے ساتھ ہوا ہے وہ کل آپ کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا مجھ پر الزامات ہیں تو آپ تحقیقات کریںمیں کیا بھاگ جاتا؟ میں الزامات کا سامنا کروں گا،میری گرفتاری کے بعد گھر میں گھسنا اچھی روایت نہیں ہے۔ سندھ کی ایسی روایات نہیں رہیں،میں شریف اور خاندانی آدمی ہوں، میرے باپ دادا کی یہاں خدمات ہیں، میں درانی قبیلے سے ہوں اور لوگ درانی کو جانتے ہیں۔
سپیکر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ ان کے دوستوں نے بھی ان کے خلاف بیان دیا ، ان کے خلاف بیان دینے والے اپنے گریبان میں دیکھیں اور اپنے اہل خانہ کو دیکھیں۔
خیال رہے کہ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو دو روز قبل نیب نے اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔ گزشتہ روز قائم مقام سپیکر سندھ اسمبلی نے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جس پر آج (جمعہ کو) وہ سندھ اسمبلی آئے اور اجلاس کی صدارت کی۔