بجلی چوروں کیخلاف شکنجہ تیار‘ میپکو افسروں کو کریک ڈاؤن کا ٹاسک

بجلی چوروں کیخلاف شکنجہ تیار‘ میپکو افسروں کو کریک ڈاؤن کا ٹاسک

  



ملتان (نیوز رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئرطاہر محمود نے کہا ہے کہ افسران بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج یقینی بنانے کے لئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں اور بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیاجائے۔ جرمانے عائد کرکے وصولی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے رحیم یار خان سرکل کے دورے کے موقع پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیفالٹرز کی تعدا د میں کمی کی جائے اور ان کے ذمہ واجب الادا رقوم وصول کی جائیں۔(بقیہ نمبر32صفحہ12پر)

مستقل نادہندگان کے کنکشنز زیر مشاہدہ رکھے جائیں اور ان کی دن اور رات کے اوقات میں بار بار چیکنگ کی جائے۔مستقل نادہندگان کے ناموں سے نصب دیگر کنکشنز فوری طورپر منقطع کئے جائیں۔ انہوں نے رحیم یار خان سرکل کی جنوری 2020?ء کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فروری میں بھی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقراررکھاجائے۔فیڈرز کی مینٹی نینس اور ٹرپنگ کی شرح کم کرنے کے لئے جاری منصوبے فروری 2020?ء کے اختتام تک مکمل کئے جائیں تاکہ موسم گرمامیں صارفین کو بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکے۔خطرناک مقامات پر تاروں کی درستگی اور پولز کی تبدیلی و تنصیب کا عمل جلد از جلد مکمل کرکے رپورٹ ہیڈ کوارٹر بھجوائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سرکل کونئے کنکشنوں کی فراہمی اور خراب میٹروں کی تبدیلی کے لئے میٹرز فراہم کردئیے گئے ہیں۔ ایکسین اور ایس ڈی اوز سٹورز سے ضرورت کے مطابق میٹرز حاصل کرکے نصب کروائیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے جنرل منیجرآپریشن محمد اخلاق قادری کو ہدایت کی کہ 11KVفیڈرز کی مینٹی نینس چیک کرنے کے لئے ہیڈ کوارٹر سے ٹیمیں بھجوائیں اور ٹی اینڈ پی استعمال نہ کرنے پر لائن سٹاف کے خلاف ایکشن لیاجائے۔ سپریٹنڈنگ انجینئر رحیم یارخان سرکل محمدا نیس نے سرکل کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پرجنرل منیجر کسٹمرسروسز محمد اقبال خان جوئیہ،ڈائریکٹر کمرشل رفیق عابد،ڈپٹی کمرشل منیجر میپکو ہیڈ کوارٹر ملتان اسد حماد، سرکل کے تمام ایگزیکٹو انجینئرز، ریونیوآفیسرز اور ایس ڈی اوز بھی موجود تھے۔

ٹاسک

مزید : ملتان صفحہ آخر