سالانہ ایک لاکھ اضافی بچوں کو ہنر مند بنایا جائے گا: صوبائی وزیر صنعت

سالانہ ایک لاکھ اضافی بچوں کو ہنر مند بنایا جائے گا: صوبائی وزیر صنعت

  



لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا دورہ کیااور وہاں بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی-اجلاس میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے مختلف انتظامی اور مالی امور کی منظوری دی گئی-صوبائی وزیر نے فنی تعلیمی اداروں میں طلبہ کی رجسٹریشن فیس بڑھانے کی تجویز مسترد کردی-میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ فنی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی مشکلات بڑھانے کی بجائے انہیں سہولتیں دے- ڈیپوٹیشن کے ذریعے افرادی قوت حاصل کرنے بجائے بورڈ خالی آسامیاں خود پر کرے- بورڈ کے لئے افرادی قوت کے حصول میں قواعدوضوابط اور میرٹ پالیسی پرپوری طرح عمل کیا جائے- بورڈ کے تمام مالی امور، محکمہ خزانہ کے رولز کے مطابق نمٹائے جائیں - میاں اسلم اقبال نے مزید کہا کہ آئندہ بورڈ ممبران کو ایجنڈے کی کاپی بروقت دی جائے تاکہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ شریک ہوں - وزیراعلی ہنرمندنوجوان پروگرام ایک کروڑ نوکریوں کے ویژن کو حقیقت میں بدلے گا- اس پروگرام کے تحت ہر سال ایک لاکھ اضافی بچوں کو ہنرمند بنایا جائے گا-رواں سال اس پروگرام پر ڈیڑھ ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں -چیئرمین پنجاب فنی تعلیمی بورڈ محمد ناظرخان نیازی، سیکرٹری بورڈفقیر محمد کیفی اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی-

مزید : کامرس