پاکستان کی بڑی آٹوموبیل نمائش کا لاہور میں آغاز

      پاکستان کی بڑی آٹوموبیل نمائش کا لاہور میں آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)پاکستان کی سب سے بڑی آٹو موبیل نمائش، پاکستان آٹو شو 2020 کا ایکسپو سینٹر،لاہور،میں آغازہو گیا ہے۔اس سال یہ نمائش ”میک ان پاکستان“کے نام سے منعقد کی جارہی ہے۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ایکسسریز مینوفیکچرز (پی اے اے پی اے ایم) کے زیر انتظام منعقدہ اِس نمائش کا افتتاح انجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ(ای بی ڈی)کے چیئرمین، الماس حیدر نے وفاق ہائے ایوان صنعت و تجارت (ایف پی سی سی اینڈ آئی)کے صدر انجم نثار اور لاہورایوان تجارت و صنعت (ایل سی سی آئی) کے ہمراہ کیا۔ یہ نمائش 21سے 23 فروری، 2020 ء تک،تین دن جاری رہے گی۔اس نمائش کی خاص بات 100 سے زائد نمائش کنندگان کی شرکت ہے جن میں قومی اور بین الاقوامی آٹو مینوفیکچررز اور متعلق ادارے شامل ہیں۔ پی اے اے پی اے ایم پورے پاکستان میں 3,000 سے زائد بڑے، درمیانے اور چھوٹے اداروں کی نمائندگی کرتی ہے۔ زمیں شگاف اس نمائش میں پاکستان کی آٹو موبیل انڈسٹری کی زبردست ترقی اور مزید گنجائش کو اجاگر کیا گیا ہے۔ پاکستان میں ارزاں ترین ٹریکٹروں کی فراہمی کا ذریعہ ہونے کے ساتھ مستقبل میں آٹو مینوفیکچرنگ کی حب بننے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔یہ عظیم الشان نمائش 38,666 مربع فٹ پر پھیلے رقبے پر منعقد کی جارہی ہے اور اسے انجنیئرنگڈیویلپمنٹ بورڈ اور پاک وہیلز ڈاٹ کام(PakWheels.com) کی معاونت حاصل ہے جب کہ دیگر معاونین میں ہنڈا، سوزوکی، ہنڈائی اور ملت ٹریکٹرز شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی، انجنیئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین الماس حیدر اور ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار نے کہا:”پاکستانی آٹو موبیل کی صنعت قومی معیشت کے لیے بنیادی پتھر ہے۔یہ نہ صرف معیشت میں روح پھونکتی ہے بلکہ ایک ایسے ترقی پذیر ملک کے طور پر پاکستان کے بارے میں تصور کو بھی بہتر بناتی ہے جو صنعتی اعتبار سے بھی ترقی کر رہا ہے۔اِس صنعت کے لیے حکومت کا مضبوط عزم بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور آٹوموٹیو اور انجنیئرنگ کے شعبوں میں کاروبار دوست ماحول بھی پیدا کرتا ہے۔ہم اپنے مقامی صنعت کاروں اور انجنیئروں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
جنہوں نے ایک مضبوط انجنیئرنگ سیکٹر کے قیام میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ویلیو-ایڈیڈ برآمدات کے لیے قابل ذکر نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔“پاکستان آٹو شو 2020 کے چیف آرگنائزر اور پی اے اے پی اے ایم کے سابق چیئرمین، سید نبیل ہاشمی نے کہا:”پاکستان آٹو شو 2020 آٹوموٹیو کی صنعت کے لیے نئے معیار اوررجحانات قائم کر رہا ہے۔آج،اس میگا ایونٹ میں پورے پاکستان اور بیرون ممالک سے ایک لاکھ سے زائد مہمان شرکت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 200سے زائد خریدار اور 100 بین الاقوامی مہمان بھی پاکستان کے سب سے بڑے آٹو شو میں شرکت کریں گے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ صنعتوں کی اعانت کے لیے طویل المیعاد منصوبے تیار کرے۔“پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ایکسسریز مینوفیکچررز (پی اے اے پی اے ایم)کے چیئرمین کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد اکرم نے کہا،”لوگ پاکستان میں تیارکی جانے والی جدید ترین انقلابی ٹیکنالوجیز دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔اس سال، شرکاء میں سے بعض عالمی آٹو موبیل برانڈز کے ساتھ فاضل پرزہ جات بنانے والے، کمپونینٹس فراہم کرنے والے، اوریجنل ایکوپمنٹ مینوفیکچررز (او ای ایم وینڈرز)، آٹو موٹیو ٹریڈرز، سرمایہ کار، خریدار اور شائقین شامل ہیں جو اپنے کاروباری نیٹ ورک کو توسیع دینا چاہتے ہیں اور اس شعبے میں ہونے جدت اور مصنوعات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔“لاہور ایوان صنعت و تجارت (ایل سی سی اینڈ آئی)کے صدر، عرفان اقبال نے کہا:”ہم اسٹوڈنٹس کو ڈپلوما سمیت انجنیئرنگ، میکانیکل اور ٹیکنکل تربیتی اور ترقیاتی کورسز پیش کرتے ہیں۔“آٹو انڈسٹری میں حالیہ تیزی کے بارے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا،”یقیناً ہم نے ایسے لوگوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا ہے جو آٹو انڈسٹری میں اپنا کیرئیر بنانا چاہتے ہیں۔ بڑھتی ہوئی طلب پورا کرنے کی غرض سے ہم نے نہایت عمدہ منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ معیار ی افرادی قوت تیارکی جا سکے۔“عرفان اقبال نے مزید کہا، ”پاکستان آٹو شو آئندہ نسل میں آگاہی کو فروغ دینے اور مواقع کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔“شو کے افتتاحی دن، صنعت کے اسٹیک ہولڈرز، بڑے بین القوامی خریداروں اور صارفین کی مختلف اقسام کی جانب سے زبردست پذیرائی دیکھی گئی کیوں کہ پاکستان آٹو شو میں جو مصنوعات نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں ان میں کاریں، ٹریکٹرز، ٹرک، بسیں، 4X4، موٹر سائیکلیں، تھری وہیلرز اور غیر ملکی کاریں شامل ہیں۔ ان کے علاوہ نمائش میں انجن، کاسٹنگ، فورجنگ، شیٹ میٹلز، جگز اینڈ فکسچرز (jigs and fixtures)،الیکٹرونکس، کار پینٹس، ٹولز، ٹائرز، بیٹریز، پلاسٹک پارٹس، ربر پارٹس اور دیگر ایکسسریز بھی رکھی گئی ہیں۔دنیا بھر سے مختلف کمپنیاں اس شو میں شرکت کر رہیں جن میں جاپان، جرمنی، فرانس، ترکی، تھائی لینڈ، تائیوان، امریکا اور دبئی سے تعلق رکھنے والے ممتاز آٹو مینوفیکچررز شامل ہیں۔

مزید :

کامرس -