کچن گارڈننگ،بیجوں پر مشتمل 1لاکھ پیکٹس رعائتی قیمت پر دستیاب

کچن گارڈننگ،بیجوں پر مشتمل 1لاکھ پیکٹس رعائتی قیمت پر دستیاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(این این آئی)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہاہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنے کے لئے سبزیوں کی اہمیت مسلمہ ہے۔ پاکستان میں سبزیوں کی فی کس کھپت عالمی معیار سے بہت کم ہے ماہرین کے مطابق انسانی خوراک میں سبزیوں کا استعمال 300 سے 350 گرام فی کس روزانہ ہونا چاہیے جبکہ ہمارے ہاں یہ مقدار 100 سے 150 گرام فی کس روزانہ ہے۔ کچن گارڈننگ کے تحت اپنے کھیت یا گھر کے باغیچہ میں کاشت کی گئی سبزیاں تازہ، صحتمند، سستی، زرعی زہروں اور دیگر آلائشوں سے پاک ہوتی ہیں جن کے استعمال سے انسانی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ عام طور پر کچن گارڈننگ کا مطلب گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت ہے۔ تاہم خصوصی طور پر اس سے مراد ایسی سبزیوں کی کاشت ہے جو کسی بھی گھر کی روزمرہ کی ضرورت بھی ہو اور جنہیں کچن کے قریب لان، گملوں، ٹوکریوں، پلاسٹک بیگ، لکڑی و پلاسٹک کے ڈبوں وغیرہ یا چھت پر اگا کر ہر وقت تازہ سبزی کے حصول کو ممکن بنا کر گھریلو ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔ اس طرح کاشت کی گئی سبزیاں آلودگی سے پاک حاصل کی جاتی ہیں جو کیمیائی کھادوں اور زہریلی ادویات کے استعمال سے پاک ہوتی ہیں۔موسم گرما کی سبزیوں کی اگیتی کاشت کیلئے موزوں وقت وسط مارچ تک ہے۔حکومت پنجاب نے کچن گارڈننگ کے فروغ کیلئے موسم گرما کی سبزیات کا پیکٹ جن میں بھنڈی،گھیا کدو،کھیرا،ٹینڈی،ٹینڈا،گھیا توری اور تر کے بیجوں پر مشتمل 1لاکھ پیکٹس بحساب 150روپے فی پیکٹ کے حساب سے فراہم کئے جارہے ہیں۔
ایک سیڈ پیکٹ سے 5مرلے زمین پر سبزیات کی کاشت کی جا سکتی ہے۔سیڈ پیکٹس محکمہ زراعت(توسیع) کے ضلعی دفاترپر دستیاب ہیں۔

مزید :

کامرس -