عمر اکمل: میچ فکسنگ کا نیا تنازع

عمر اکمل: میچ فکسنگ کا نیا تنازع

  



کتنے دُکھ کی بات ہے کہ آج کے نوجوان اپنے سامنے ہونے والے واقعات اور اس کے انجام سے کچھ نہیں سیکھتے، عمر اکمل ایک ایسا کھلاڑی ہے جو میچ جیتنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے،لیکن عجیب حرکات کا مرتکب ہوتا رہتا ہے،اسے لوگ ”لاڈلا“ کہہ کر بگڑا ہوا بھی کہتے ہیں،کئی تنازعات میں اُلجھا، اپنا کیریئر پہلے ہی مشکوک بنا چکا تھا کہ اب اس نے بدنامی کا بڑا ٹیکہ بھی لگوا لیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی اینٹی کرپشن کمیٹی نے اس کے خلاف تحقیقات شروع کی کہ اس نے سابق کرکٹر منصور احمد سے رابطے کئے،مگر بورڈ کو آگاہ نہیں کیا کہ منصور احمد فکسنگ کے سلسلے میں ملوث بتایا جاتا ہے۔ عمر اکمل کو معطل کیا گیا اور وہ ایک بڑے ایونٹ پی ایس ایل5سے آؤٹ ہو گیا ہے۔یہ شاید آخری کیل کے مترادف ہو، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف کے عمل اور انجام سے سیکھا جاتا،لیکن شاید نوجوان دولت کی چمک برداشت نہیں کر پاتے۔ یہی وہی عمر اکمل ہے، جو سابقہ چیف سلیکٹر کو پسند نہیں تھا،اور اس کا ایک اعزاز یہ بھی تھا کہ اس نے دبئی میں رابطہ کرنے والے میچ فکسنگ کے ایک ایجنٹ کے بارے میں بورڈ حکام کو آگاہ بھی کر دیا تھا اور اب وہی عمر اکمل نئی خبروں کی زد میں آ گیا کہ اینٹی کرپشن یونٹ نے منصور احمد کے تعلق کی وجہ سے اسے معطل کیا اور تحقیقات شروع کی ہے۔ احساس تو یہی ہوتا ہے کہ بلاوجہ اتنا بڑا فیصلہ ممکن نہیں۔ بہرحال گناہ گار ثابت ہونے تک اسے بے گناہ تصور کرنے کا موقع دیتے ہیں، تاہم محسوس ہوتا ہے کہ اس نوجوان نے اپنے کھلنڈرے پن کی وجہ سے اپنے ہی کیریئر سے کھلواڑ کیا ہے، فیصلے کا انتظار کرتے ہیں۔

مزید : رائے /اداریہ