ہاں میں بکی سے ملا، کرکٹر عمراکمل کا اعتراف

  ہاں میں بکی سے ملا، کرکٹر عمراکمل کا اعتراف

  



 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کو معطلی کے شوکاز نوٹس جاری کرکے اگلے ہفتے طلب کرلیا،عمر اکمل خود یا اپنے وکیل کے ذریعے پی سی بی کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان باقاعدہ طور پر ریکارڈ کروائیں گے۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے ناقابل تردید ٹھوش شواہد کی بناء پر عمر اکمل کومعطل کیا گیا ہے،عمر اکمل انٹی کرپشن حکام کے سامنے تسلی بخش جواب نہیں دے پائے جس پر باقاعدہ ایکشن لینے کا فیصلہ کیاگیا۔ بتایا گیا ہے کہ عمر اکمل کافی عرصے سے انٹی کرپشن یونٹ کے ریڈار پر تھے،عمر اکمل نے کرپٹ عناصر کی جاب سے انہیں کی جانے والی پیشکشوں کے بارے میں پی سی بی کو فوری طور پر آگاہ نہیں کیا۔علاوہ ازیں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے معطلی کے بعد بکی سے ملنے کا اعتراف کرلیا ہے۔پی سی بی انتظامیہ نے پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب اور میچ والے دن صبح میں اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کو رپورٹ نہ کرنے پر ٹھوس شواہد سامنے آنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم کے اہم رکن عمر اکمل کو معطل کرکے ان کے لیگ میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ذرائع کے مطابق عمر اکمل نے معطلی کے بعد اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ نے تمام شواہد عمر اکمل کے سامنے رکھ دیے جن کا وہ انکار نہیں کرسکے، اور صرف حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے خاموش رہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل ناپسندیدہ افراد سے ملاقاتوں کی تردید نہ بھی کرسکے، عمر اکمل کو لگائے جانے والے الزامات پر 14 دن کے اندر جواب دینا ہوگا اور اگر کرکٹر نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا تو کم سزا سے ان کی جان چھوٹ سکتی ہے، ورنہ انکار کی صورت میں عمر اکمل کا کیس اینٹی کرپشن ٹربیونل کو بھیجا جائے گا۔واضح رہے کہ عمر اکمل کی بکی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس موجود ہے، جس کے بعد ہی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت انہیں معطل کیا ہے۔دوسری جانب پی سی بی کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک عمر اکمل کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس وقت معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں لہٰذا اس واقعے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کریں گے۔اس تمام صورتحال کے بعد عمر اکمل کو جمعرات کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کراچی سے لاہور روانہ کردیا گیا تھا اور ان کی جگہ کوئٹہ کی ٹیم میں آل راؤنڈر انور علی کو شامل کیا گیا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی